شیخوپورہ : عطائیوں کیخلاف سخت کارروائی کرنے کا حکم

شیخوپورہ : عطائیوں کیخلاف سخت کارروائی کرنے کا حکم

شیخوپورہ (بیورورپورٹ) سی ای اوڈاکٹر جاوید احمد گورائیہ نے تمام ڈسٹرکٹ کے ڈپٹی ڈی او اور ڈرگز کنٹرولر ز کی تمام ٹیموں کو اپنی اپنی تحصیلوں میں عطائیوں کے خلاف بھر پور کریک ڈاؤن کے لئے حکم صادر فرما دیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر پنجاب علی جان نے صوبے کی تمام اضلاع کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ز ،ڈسٹرکٹ آفیسرز ہیلتھ اور ڈپٹی ڈسٹر کٹ آفیسرز ہیلتھ کو ہدایات کیں ہیں کہ صوبے بھر سے عطائیت کے مکمل خاتمے اور عطائیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے لئے سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر عمل کرتے ہوئے عطائیوں کے خلاف مہم فوری شروع کی جائے ۔سی ای او ڈاکٹر جاوید احمد گورائیہ نے روزنامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس مہم میں ڈرگ انسپکٹر ز کی فورس کو بھی استعمال میں لایا جائے گا ۔تمام تحصیلوں کے افسران کو کہا کہ چیف جسٹس کے حکم کے بعد عطائی کسی ماتحت عدالت کے احکامات کا سہارا نہیں لے سکیں گے اُنہوں نے مزید کہا کہ پولیس عطائیوں کے خلاف آپریشن میں محکمہ صحت اور تحصیل افسران کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گی ۔سی ای او جاویداحمد گورائیہ نے مزیدکہا کہ ایسے عطائی ڈاکٹر جو آپریشن اور ڈینٹل پروسیجر بھی کرتے ہیں ڈرپ و انجکشن کا استعمال کرنے والے بڑے عطائیوں کے خلاف پہلے کاروائی کی جائے محکمہ صحت کے کچھ ملازم بھی جو دفتری اوقات کے بعد کلینک چلاتے ہیں وہ محکمے کیلئے بدنامی کا باعث ہیں۔

ان کے خلاف بھی فوری کاروائی کرتے ہوئے عطائی کلینک بند کئے جائیں گے ۔سی ای او ڈاکٹر جاوید احمد گورائیہ نے احکامات پر بالا امتیاز سو فیصد عمل درآمد یقینی بنایا اس سلسلے میں کسی قسم کا دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا ۔

مزید : علاقائی