مرجاؤں گا مگر پی ایس پی یا کسی اور جماعت میں نہیں جاؤں گا، فاروق ستار

مرجاؤں گا مگر پی ایس پی یا کسی اور جماعت میں نہیں جاؤں گا، فاروق ستار

کراچی (مانیٹر نگ ڈیسک ) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے بی آئی بی گروپ کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا ہے کہ مرجاؤں گا لیکن پی ایس پی یا کسی اور جماعت میں شامل نہیں ہوں گا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاداریاں تبدیل کرانے کا عمل بہت شدت کے ساتھ شروع کیا گیا ہے اور دن رات پی ایس پی کے لوگ فون پر دھمکیاں دیتے ہیں اور بلاوا بھیجتے ہیں۔ تاثر دیا جارہا ہے کہ ایم کیو ایم کے اندرونی اختلاف کی وجہ سے لوگ جا رہے ہیں جب کہ شبیر قائم خانی کے جاتے ہی بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے۔ایم کیو ایم کو انتخابی عمل سے باہر اور چھینا جھپٹی کی جارہی ہے، زبردستی سیاست سے دور کر کے یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ پتنگ تو کٹ چکی ہے مستقبل کسی اور کا ہے۔ کراچی میں شفاف انتخابات کادعویٰ غلط ہے، مرجائیں گے لیکن پی ایس پی یا کسی اور جماعت میں نہیں جائیں گے۔فاروق ستار نے چیف جسٹس اور آرمی چیف سے مطالبہ کیا کہ موجودہ صورتحال کا نوٹس لیں اور اس حوالے سے وہ خود دونوں اداروں سے رابطہ بھی کریں گے۔ انہوں نے ایک ویڈیو بیان بھی جاری کیا، جس میں ان کا کہنا تھا کہ اب فیصلے کی گھڑی آگئی ہے اور میں نے اپنی کشتیاں جلادی ہیں، تمام کارکنان آج کے اجلاس میں بھرپور شرکت کریں۔

فاروق ستار

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک )پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال کا کہنا ہے کہ فاروق ستار پر پی ایس پی کے دروازے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے بند ہوگئے۔متحدہ قومی موومنٹ کی رکن سندھ اسمبلی سمیت افضال سید نے پارٹی کو خیرباد کہتے ہوئے پی ایس پی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔اس موقع پر پریس کانفرنس کے دوران مصطفی کمال نے فاروق ستار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ حلفیہ کہتا ہوں فاروق ستار نے دوست کے گھر میں اکیلے بلا کر ملاقات کی اور مجھے کہا کہ ایک مرتبہ پتنگ اور ایم کیو ایم کے نام پر مہاجروں کو بلف (گمراہ) کروں گا۔فاروق ستار نے انیس قائم خانی کو کامران ٹیسوری کے گھر بلایا اور ملاقات کی جس کے دوران کہا کہ میرے لیے کیا پیکج ہے۔ پاک سرزمین پارٹی کے دروازے فاروق ستار پر ہمیشہ ہمیشہ کے لئے بند ہیں، پتہ ہے وہ کل سے کس کس سے کال کروا رہے ہیں، اتنا جھوٹا اور شاطر شخص زندگی میں نہیں دیکھا اور رسوائی اس شخص کا مقدر ہے۔پچھلے ڈھائی تین ماہ سے ایم کیو ایم میں ڈرامہ لگا ہے جب کہ ہم پر الزام لگایا گیا کہ پی ایس پی میں لوگ زبردستی آرہے ہیں۔آج صبح ایک ہارے ہوئے آدمی نے خود کو ڈوبنے سے بچانے کی کوشش کی ہے۔

مصطفی کمال

مزید : صفحہ اول