راحیل شریف کا گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کیلئے 20 لاکھ روپے کا عطیہ

راحیل شریف کا گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کیلئے 20 لاکھ روپے کا عطیہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (این این آئی) سابق آرمی چیف جنر ل (ر) راحیل شریف نے اپنی مادرِعلمی گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے ایڈوومنٹ فنڈ ٹرسٹ کو مستحق طلباء کی فیس کے لیے 20 لاکھ روپے کا عطیہ دیا ہے۔ اولڈ روائینز یونین کے سالانہ عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے جنرل (ر) راحیل شریف نے کہاکہ کالج کے دن، اپنی موٹر سائیکل اور لال کوٹ بہت یاد آتے ہیں، اپنے اساتذہ کا شکرگزار ہوں، جنہوں نے عزت اور وقار کے ساتھ زندگی کے مختلف چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے میری تربیت کی۔ مجھے راوین ہونے پر فخر ہے، گورنمنٹ کالج میں پہلی بار 1964ء میں آیا تھا جب میری بہن نے اس نامور ادارے سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ میرے دو بھائیوں میجر شبیر شریف شہید (نشاں حیدر) اور کیپٹن ممتاز شریف نے بھی جی سی سے ہی تعلیم حاصل کی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکڑ حسن امیر شاہ نے کہاکہ اولڈ راوینز جی سی یونیورسٹی کی اصل طاقت ہیں، جو اس کی ترقی اور تحفظ کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔ اولڈ راوینز کی سپورٹ سے قائم ہونے والا اینڈوومنٹ فنڈ ٹرسٹ اب 36 کروڑ روپے تک جا پہنچا ہے جو ہر سال 600 سے زائد مستحق طلبا کو سکالرشپ دے رہا ہے۔ تقریب سے اولڈ راوینز یونین کے صدر قاضی آفاق حسین، جنرل سیکرٹری رانا اسعد اور آنریری سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر خالدمنظور بٹ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر یونین کی جانب سے طارق فارانی کو ان کی موسیقی اور جی سی کے لیے خدمات کے اعتراف میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ بعدازاں نامور گلوکار خالد بیگ نے پرفارم کیا۔ وزیر تعلیم پنجاب سید رضا علی گیلانی سمیت کئی اہم اولڈ راوینزنے عشائیہ میں شرکت کی۔

مزید :

صفحہ آخر -