نام نہاد پاکستانی لیڈروں نے پاکستان اور کشمیر کاز کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا : پرویزمشرف
دبئی /مظفرآباد(آئی این پی) چیئرمین آل پاکستان مسلم لیگ جنرل ریٹائرڈپرویز مشرف نے کہاّ ہے کہ کشمیر ہماری رگوں میں دوڑتا ہے کشمیری میری جان ہے ،میری خواہش ہے کہ پاکستان میں کوئی ایسی حکومت آئے جو غاصب بھارت کو سبق سکھاسکے اور کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کا جواب اینٹ کے مقابلہ میں پتھر سے دے سکے۔ کشمیریوں کی خوشحالی،سلامتی ،آزادکشمیر کی ترقی اور مقبوضہ کشمیر کی غاصب ہندوستان سے آزادی میری اولین ترجیح وسوچ ہے ، آج کھل کر بات کروں گا کہ نام نہاد پاکستانی لیڈروں نے پاکستان اور کشمیر کاز کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ،مقبوضہ کشمیر میں ڈھائے جانے والے مظالم پر پاکستانی حکمرانوں اور سیاسی قیادت کی خاموشی کی وجہ سے مودی سرکار اور ہندوستانی فوج کو کشمیریوں پر مظالم کی کھلی چھٹی ملی ہوئی ہے، آزادکشمیر کی ترقی میری اولین ترجیح ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے آل پاکستان مسلم لیگ آزادکشمیر کے اپراڈہ چوک شہیداں میں منعقدہ جلسہ عام ویڈیو لنک/ٹیلی فونک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا ،جلسہ عام سے وائس پریذنٹ جسٹس (ر)عبدالوحید صدیقی،مرکزی چیف آرگنائزر سید فقیر حسین بخاری،صدراے پی ایم ایل آزادکشمیر جاوید احمد مغل ،سیکرٹری جنرل سید ارشدکاظمی اور دیگرنے بھی خطاب کیا ۔ پرویز مشرف نے کہا 2005ء کے زلزلہ میں آزادکشمیر اور ہزارہ ڈویژن میں زلزلہ نے تباہی مچائی متاثرین زلزلہ کی آبادکاری کیلئے ہم نے دنیا کے 76ملکوں سے مدد مانگی جنہوں نے اعتماد کرتے ہوئے 6.4ارب ڈالر بطور امداد ہمیں دئے ،جس سے متاثرین زلزلہ کی بحالی اور تباہ حال املاک کی تعمیر نو ممکن ہوئی ،اگر ہم آج کے پاکستانی سیاست دانوں کی طرح ناکارہ ہوتے تو ہم پر کبھی کوئی اعتماد نہ کرتا میں نے بحیثیت صدر پاکستان ہر فورم پر کشمیرکا بول بالا کیا اور دنیا کے سامنے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیااور باور کروایا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے عالمی دنیا پاکستان کا ساتھ دے ،مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے میں نے چار نکاتی فارمولہ دیا تھا جسے بعد کے حکمرانوں نے پس پشت ڈال دیا ہے ۔ن لیگ والے کشمیر کو چھوڑ کر ہندوستان سے تجارتی تعلقات بڑھارہے ہیں جو قابل مذمت ہے ۔جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے کہا کہ جب راجیو گاندھی اور واجپائی پاکستان کے دورہ پر آئے تو بے نظیر اور نواز شریف نے جہاں جہاں کشمیرلکھا ہوا تھا اُسے مٹا دیا اور مسئلہ کشمیر پر بات کرنے میں شرم محسوس کی ،میرے دور حکومت میں ہندوستان کو اتنی جرات نہیں ہوئی کہ وہ کشمیریوں پر مظالم ڈھاسکے کیونکہ اُسے معلوم تھا کہ میں اینٹ کا جواب پتھر سے دینا بہتر طور پر جانتا ہوں، مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے ۔انہوں نے کہاپاکستان کے آئندہ انتخابات میں 23سیاسی جماعتوں کے اتحاد سے الیکشن میں آئیں گے ،آزادکشمیر میں مسلم کانفرنس ہماری اتحادی جماعت ہے ۔جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی چیف آرگنائرز فقیر حسین بخاری نے کہا کہ پرویز مشروف نے ہمیشہ کشمیریوں کی فلاح وبہود اور تحریک آزادی کشمیر کو ترجیح دی ہے میری سیاسی تربیت میں مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان مرحوم کا کلیدی کردار ہے ،پاکستان کا سیاسی استحکام کشمیر سے وابستہ ہے ہم کشمیریوں کو کبھی مایوس نہیں کرینگے۔ جاوید احمد مغل نے کہا کہ بین الاقوامی دنیا میں نام نہاد لیڈروں کے مقابلہ میں انٹرنیشنل لیڈرپرویز مشرف ہیں، کسی بھی عالم فورم میں جب کشمیر کی آزادی کی بات ہوتی ہے تو اُس میں سب سے پہلے مشرف ہی ہیں جنہوں نے کشمیریوں کے مسائل ومصائب اور انڈیا کے ظلم وجبر کو اجاگر کرتے ہوئے غاصب بھارت کو للکارا تھا کہ انڈیا اپنی فوجیں کشمیرسے نکال دو،خطہ کے عوام کو کرپٹ حکمرانوں سے نجات دلا کر دم لیں گے۔
پرویز مشرف