شفاف انتخابات سب کی مشترکہ ذمہ داری: سعد رفیق

شفاف انتخابات سب کی مشترکہ ذمہ داری: سعد رفیق

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ ملک کو شفاف اور بروقت انتخابات کی طرف لے جانا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ شفاف الیکشن کیلئے سازگار ماحول بہت ضروری ہے، جوڑ توڑ کے ماحول میں بڑے نقصان کا خطرہ بھی ہوتا ہے۔خواجہ سعد رفیق نے عمران خان سے سوال کیا کہ آپ کو میاں نواز شریف کو نکالنے کا نقصان ہوگیا، ہم جھگڑنا نہیں چاہتے نہ اس کا کسی کو فائدہ ہوگا بلکہ جھگڑے بغیر اپنی بات کرنی ہے۔وزیر ریلوے نے کہا کہ ہم نے بجلی کے بحران پر قابو پانے کی کامیاب کوشش کی ہے اور دس ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں لائے ہیں، ہمارے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں اگر کام کرنے دیا جاتا تو سو فیصد بجلی پوری ہوتی۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ریلوے میں 73 ہزار ملازم ہیں اور کچھ شعبوں میں تین تین سو اضافی ملازم ہیں لیکن ہم نے کسی کو نہیں نکالا، اگر نکال دیتے تو وہ کیا کرتے۔ گڑھی شاہو میں ریلوے کے درجہ سوئم اور چہارم کے ملازمین کیلئے نئے تعمیر کئے گئے فلیٹس کی افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ ملک میں بہت تجربات ہوئے ہیں جس نے ملک کی بنیادوں کوکھوکھلا کیا ،انتخابات صاف ، شفاف اور بروقت ہونے چاہئیں ،خواہش ، امید اور یہ کوشش ہے کہ انتخابات میں کسی بھی طرح کی انجینئرنگ نہ ہو ۔ سردا ر ایاز صادق نے کہا کہ عام انتخابات سر پر ہیں ، اس ملک میں بہت تجربات ہوئے ہیں ہم یہی چاہیں گے کہ انتخابات بروقت اور صاف او رشفاف ہوں ، اس ملک میں پہلے بھی انجیئرڈ انتخابات ہوتے رہے ہیں او رحکومتیں بنتی رہیں اور ان تجربات نے ملک کی بنیادوں کوکھوکھلا کیا ہے ۔ ہم امید کرتے ہیں ، خواہش بھی ہے اور کوشش بھی کر رہے ہیں کہ انتخابات میں کسی طرح کی انجینئرنگ نہ ہو ۔ آج کل انتخابات کے حوالے سے بہت افواہیں اڑائی جارہی ہیں اور لوگوں کو گمراہ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو اپنوں کے نہیں ہو سکے وہ دوسروں سے کیا وفاداری نبھائیں گے، جو آتے ہیں اور چلے جاتے ہیں تاریخ میں ان کا نام بھی ختم ہو جاتا ہے اور تاریخ انہیں جن الفاظ سے یاد رکھتی ہے ۔

مزید : صفحہ آخر