ملک میں تھری، فور جی صارفین کی تعداد 5 کروڑ سے تجاوز کر گئی

ملک میں تھری، فور جی صارفین کی تعداد 5 کروڑ سے تجاوز کر گئی

اسلام آباد(این این آئی)پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کہا ہے کہ فروری 2018 کے اختتام تک ملک میں تھری جی اور فور جی‘ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 5 کروڑ 12 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پی ٹی اے کے اعداد و شمار کے مطابق فروری 2018 کے اختتام تک ملک میں موبائل فون استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 14 کروڑ 72 لاکھ سے زائد ریکارڈ کی گئی ٗ جنوری 2018 کے اختتام تک یہ تعداد 14 کروڑ 59 لاکھ سے زائد تھی۔یوں ایک ماہ کے عرصے میں موبائل فون استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد میں 12 لاکھ سے زائد صارفین کا اضافہ ہوا۔فروری 2018 کے اختتام تک موبائل فون کمپنی جاز کے تھری جی استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد ایک کروڑ 48 لاکھ تھی ٗ فور جی‘ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔فروری کے اختتام تک ’زونگ‘ کے ’تھری جی‘ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد کمی سے 88 لاکھ سے زائد ریکارڈ کی گئی تھی ٗجنوری کے اختتام تک یہ تعداد 90 لاکھ سے زائد تھی تاہم اس کے برعکس ایک ماہ میں زونگ ’فور جی‘ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد میں تقریباً 8 لاکھ کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔ٹیلی نار کے تھری جی استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد فروری کے اختتام تک ایک کروڑ سے زائد ریکارڈ کی گئی ٗاسی طرح ٹیلی نار فور جی استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا۔اس عرصے میں یو فون تھری جی استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد میں ایک لاکھ 40 ہزار کا اضافہ ہوا۔

تھری جی صارفین

مزید : علاقائی