فیصلوں سے سپریم کورٹ کی حیثیت متنازعہ ہو رہی ہے : اسفند یار

فیصلوں سے سپریم کورٹ کی حیثیت متنازعہ ہو رہی ہے : اسفند یار

پشاور،بونیر(این این آئی)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ سیاسی معاملات میں متنازعہ فیصلوں سے سپریم کورٹ کی حیثیت متنازعہ ہو رہی ہے ،عدالت عظمیٰ سے درخواست ہے کہ سیاسی معاملات میں الجھنے سے گریز کریں اور ان معاملات کو پارلیمنٹ میں ہی حل ہونا چاہئے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بونیر میں گرینڈ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اے این پی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی اور جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک سمیت دیگر مقامی قائدین نے بھی جلسہ سے خطاب کیا ، اسفندیار ولی خان نے کہا کہ کپتان کی ایک غلطی سے سیاسی معاملات عدالت تک جا پہنچے جبکہ سیاسی رہنماؤں کو اپنے مسائل پارلیمنٹ میں حل کرنا چاہئیں تھے، مرکزی حکومت فاٹا کا مسئلہ حل کرنے میں سنجیدہ نہیں لگتی اور اگر ایسا نہ کیا گیا تو خدشہ ہے کہ حالات سنگین رخ اختیار کر جائیں گے، اے این پی روز اول سے پختونوں کے مسائل کی نشاندہی کرتی آئی ہے تاہم اسے سنجیدگی سے نہیں لیا جا رہا ، انہوں نے کہا کہ فاٹا کو جلد از جلد صوبے میں ضم کر کے صوبائی اسمبلی میں نمائندگی دی جائے اور ا آئینی ترمیم کے ذریعے صوبائی کابینہ میں بھی حصہ دیا جائے ، آپریشن کے نتیجے میں گھر بار چھوڑنے والے آئی ڈی پیز کی گھروں کو باعزت واپسی، مایئنز کی صفائی اور چیک پوسٹیں ختم کی جائیں، ایک دینی جماعت کے رہنما اے این پی کے خلاف ہرزہ سرائی میں مصروف ہیں لیکن دنیا جانتی ہے کہ افغان جنگ میں ڈالروں کی خاطر انہوں نے نام نہاد جہاد میں حصہ لیا اور ہزاروں جانیں لیں،ہمارے اسلاف نے جب اسے فساد قرار دیا تو ان پر طرح طرح کے الزامات لگائے گئے لیکن اب جب رد الفساد کے نام سے آپریشن شروع کیا گیا تو ان کی زبان بند ہو گئی ، ایم ایم اے کی بحالی اسلام کیلئے نہیں بلکہ اسلام آباد کیلئے ہے پانچ سال تک ایک دینی جماعت مرکز میں اور دوسری صوبے میں اقتدار کے مزے لوٹتی رہی اور اقتدار کے خاتمے پر انہیں اسلام یاد آ گیا ہے ، مولانا صاحب ایک فون کال پر فاٹا اصلاحات کا بل رکوا سکتے ہیں تو ایک فون پر شرعیت کیوں نافذ نہیں کراتے ، سارا کھیل اقتدار کیلئے ہے ،خیبر بنک کے سکینڈل کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام انتظار کریں حکومت کے جاتے ہی مزید بڑے سکینڈل بھی سامنے آئیں گے 18ویں ترمیم کے حوالے سے تاحال خدشات سامنے آ رہے ہیں اور اگر اسے ختم کرنے یا اس میں مزید کسی ترمیم کی کوشش کی گئی تو اے این پی بھرپور قوت کے ساتھ مزاحمت کرے گی ہم نے بڑی قربانی اور کوشش کے بعد اپنے صوبے کے حقوق حاصل کئے اور یہ اے این پی کی تاریخی کامیابی تھی جسے اب کسی کی جھولی میں نہیں ڈالیں گے اور نہ ہی اپنے حقوق غصب کرنے کی کسی کو اجازت دینگے سی پیک پر مرکزی حکومت نے دھوکہ دیا اور پختونوں و فاٹا کے عوام کے ساتھ زیادتی کی ہے ، سی پیک اب چائنہ پاکستان کی بجائے چائنہ پنجاب اکنامک کوریڈور تک محدود ہو کر رہ گیا ہے جو کسی صورت ملکی مفاد میں نہیں ، 70 سال سے پنجاب کو پاکستان تصور کرنے کا سلسلہ جاری ہے چھوٹے صوبوں کے حقوق نہ ملنے سے ان میں احساس محرومی بڑھتا جا رہا ہے ،پنجاب بڑا بھائی ضرور ہے لیکن چھوٹے صوبے بڑے بھائی کے غلام نہیں ،بڑا بھائی ہمارا حق نہیں دے گا تو وہ ہمارے لئے قابل احترام نہیں رہے گا انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ آئندہ الیکشن کی تیاری کے حوالے سے اپنی سرگرمیاں تیز کریں ، اس موقع پر جماعت اسلامی سے درجنوں اہم شخصیات نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

مزید : علاقائی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...