فاروق ستار پر پی ایس پی کے دروازے ہمیشہ کیلئے بند ہوچکے، مصطفی کمال

فاروق ستار پر پی ایس پی کے دروازے ہمیشہ کیلئے بند ہوچکے، مصطفی کمال

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک )پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال کا کہنا ہے کہ فاروق ستار پر پی ایس پی کے دروازے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے بند ہوگئے۔متحدہ قومی موومنٹ کی رکن سندھ اسمبلی سمیت افضال سید نے پارٹی کو خیرباد کہتے ہوئے پی ایس پی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔اس موقع پر پریس کانفرنس کے دوران مصطفی کمال نے فاروق ستار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ حلفیہ کہتا ہوں فاروق ستار نے دوست کے گھر میں اکیلے بلا کر ملاقات کی اور مجھے کہا کہ ایک مرتبہ پتنگ اور ایم کیو ایم کے نام پر مہاجروں کو بلف (گمراہ) کروں گا۔فاروق ستار نے انیس قائم خانی کو کامران ٹیسوری کے گھر بلایا اور ملاقات کی جس کے دوران کہا کہ میرے لیے کیا پیکج ہے۔ پاک سرزمین پارٹی کے دروازے فاروق ستار پر ہمیشہ ہمیشہ کے لئے بند ہیں، پتہ ہے وہ کل سے کس کس سے کال کروا رہے ہیں، اتنا جھوٹا اور شاطر شخص زندگی میں نہیں دیکھا اور رسوائی اس شخص کا مقدر ہے۔پچھلے ڈھائی تین ماہ سے ایم کیو ایم میں ڈرامہ لگا ہے جب کہ ہم پر الزام لگایا گیا کہ پی ایس پی میں لوگ زبردستی آرہے ہیں۔آج صبح ایک ہارے ہوئے آدمی نے خود کو ڈوبنے سے بچانے کی کوشش کی ہے۔

مزید : کراچی صفحہ اول