صوبہ بھر میں پولیس کی کھلی کچہریوں کا انعقاد زور وشور سے جاری ہے
پشاور (سٹاف رپورٹر) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا صلاح الدین خان محسود کی ہدایت پر صوبہ بھر میں پولیس کی کھلی کچہریوں کا انعقاد زور وشور سے جاری ہے۔ جن میں عوام کو پولیس سے متعلق درپیش مسائل و مشکلات کی فوری حل کے لئے بھرپور اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا نے صوبہ بھر کے ضلعی پولیس آفسروں کو ہر 15دن کے بعد اپنے اپنے ھیڈ کوارٹرز میں ایسے مقامات پر کھلی کچہریوں کے انعقاد کا حکم جاری کیا ہے جہاں عوام زیادہ تعدا د میں آسانی سے شریک ہوکر اپنے مسائل و مشکلات پیش کر سکیں۔ ان ہدایات کی روشنی میں ضلع پولیس آفسروں نے پچھلی سہ ماہی میں اب تک اپنے اپنے اضلاع میں106کھلی کچہریوں کا انعقاد کرکے اُن میں عوام کے زیادہ تر مسائل موقع پر حل کردیئے ہیں جبکہ دیگر مسائل کے حل کے لیے متعلقہ پولیس حکام سے جلد ازجلد رپورٹ طلب کررکھی ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر رہے کہ عوام ان کھلی کچہریوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ آئی جی پی نے پولیس افسروں کو کھلی کچہری منعقد ہونے سے قبل ان کی زیادہ مشتہری کرنے کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ تعدادمیں عوام اسمیں شرکت کرکے اپنے مسائل و مشکلات بلاخوف و خطر پولیس حکام بالا کے نوٹس میں لاسکیں۔ ان کھلی کچہریوں میں شریک ہونے والے تمام افراد کی سیکورٹی اور حفاظت کو ہر حال میں ہر قیمت پر یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ کھلی کچہریوں کی تمام سرگرمیوں کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی کی جارہی ہے۔ان تمام کھلی کچہریوں کو سنٹرل پولیس آفس پشاور سے باقاعدہ طور پر مانیٹر بھی کیا جارہا ہے۔