ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والے زمین نہیں خرید سکیں گے :مشیر خزانہ

ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والے زمین نہیں خرید سکیں گے :مشیر خزانہ

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والے زمین نہیں خرید سکیں گے، نادرا کے ساتھ مل کر ٹیکس گزاروں کی تعداد بڑھائیں گے ، نادرا 10 لاکھ لوگوں کا ڈیٹا دے رہا ہے جو ٹیکس دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مشیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان میں معاشی پالیسیز درست سمت ہیں، معاشی ترقی کی شرح 5 سال میں ساڑھے 4 فیصد سالانہ رہی تاہم معاشی ترقی کی رفتار سے مطمئن نہیں، اسے اور زیادہ ہونا ہے، پاکستان کوسالانہ 10 فیصد اقتصادی ترقی کی رفتارسے آگے بڑھنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال روپے کی قدر میں 10 فیصد تک کمی ہوئی، روپے کی بے قدری کے باوجود مہنگائی میں اضافہ نہیں ہوا، روپے کی قدر میں کمی آزادانہ پالیسی کی وجہ سے ہوئی، روپے کی قدر میں کمی سے مارچ میں برآمدات 24 فیصد بڑھیں، آئندہ دو ماہ میں برآمدات 20 فیصد مزید بڑھیں گی۔

مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ پانچ سال میں صنعت، زراعت اور خدمات سمیت تمام شعبوں میں ترقی ہوئی، آج ملک میں 10 ہزار میگا واٹ بجلی اضافی بنائی جارہی ہے، بجلی اور گیس موجود ہے، صنعتی ضرویات پوری کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال میں معیشت کی بہتری کےاقدامات کیے گئے، رواں سال پاکستان کی جی ڈی پی 5.8 فیصد رہے گی، مہنگائی کی شرح کو4 فیصد سے نیچے رکھا گیا ہے۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ آئندہ بجٹ میں ٹیکس ریلیف دے رہے ہیں، ٹیکس میں متوسط طبقے کو ریلیف دیا جارہا ہے جب کہ ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والے زمین نہیں خرید سکیں گے، نادرا کے ساتھ مل کر ٹیکس گزاروں کی تعداد بڑھائیں گے، ٹیکس چور غیر ملکی دورے کرتے پھرتے ہیں اور ٹیکس نہیں دیتے، نادرا 10 لاکھ لوگوں کا ڈیٹا دے رہا ہے جو ٹیکس دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

مزید : قومی /بزنس

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...