ایئر چیف مارشل نے پی اے ایف ایئرمین اکیڈمی کا سنگ بنیاد رکھ دیا
اسلام آباد (این این آئی)پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پی اے ایف ائیر مین اکیڈمی کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق اپنی نوعیت کی یہ منفرد ٹریننگ اکیڈمی پی اے ایف بیس کورنگی کریک میں قائم کی جائیگی۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ائیر مین پاک فضائیہ کی افرادی قوت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔سربراہ پاک فضائیہ نے کہاکہ ائیر مین کو معیاری تربیت فراہم کرنے کیلئے پاک فضائیہ ہمہ وقت کو شاں ہے۔انہوں نے کہاکہ ائیر مین ٹریننگ کے موجودہ نظام کو پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان کی طرز پر قائم کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ ائیر مین کو ایک ہی جگہ پرمختلف شعبہ جات میں تکنیکی تربیت او ر نصابی تعلیم فراہم کی جائے گی۔ چیف آف ایئر سٹاف نے کہاکہ یہ ادارہ دوست ممالک کی فضائی افواج کے ائیر مین کو بھی اعلیٰ معیار کی ٹریننگ فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔