عوام کو خالص غذا کی فراہمی کیلئے آخری حد تک جائینگے: عثمان بزدار، پنجاب بھر میں ملاوٹ مافیا کیخلاف موثر اور بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم

عوام کو خالص غذا کی فراہمی کیلئے آخری حد تک جائینگے: عثمان بزدار، پنجاب بھر ...

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے ملاوٹ مافیا کے خلاف پنجاب بھر میں موثر کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ پنجاب فوڈاتھارٹی بلاامتیاز ملاوٹ مافیا کیخلاف موثرکارروائی کرے کیونکہ غذا میں ملاوٹ کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں لہٰذاصوبے کے عوام کو خالص غذا کی فراہمی کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے آفس میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان نے ادارے کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے،لہذا پنجاب فوڈ اتھارٹی مزید موثر انداز میں ملاوٹ مافیا کی سرکوبی کرے اوراس ضمن میں بھر پور آگاہی مہم بھی چلائی جائے ۔انہوں نے کہاکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی خالص غذا کی فراہمی کے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرائے۔وزیراعلیٰ نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی کو سراہا۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے گارڈن ٹاؤن میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کے پہلے نیوٹریشن کلینک کا افتتاح کرتے ہوئے مختلف سیکشن کا معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ڈے کیئر سنٹر کا بھی دورہ کیا اور بچوں میں تحائف تقسیم کئے۔ صوبائی وزراء سمیع اللہ چوہدری ،نعمان لنگڑیال ، سیکرٹری فوڈ، ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی ، ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب فو ڈ اتھارٹی پہلے ہی ملاوٹ مافیا کیخلاف سرگرم عمل ہے لیکن رمضان المبارک کی آمد کے حوالے سے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرائیں گے تاکہ صوبے کے عوام کو خالص غذا کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے ۔ بیوروکریسی میں کیے جانیوالے تبادلوں کے حوالے سے میڈیا کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ تبادلے انتظامی معاملہ ہے اورحکومت جس افسر کو چاہے تبدیل کرسکتی ہے اورحالیہ تبادلے انتظامی بنیادوں پر کیے گئے ہیں۔وزراء کی تبدیلی کے بارے سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزراء کی کارکردگی باقاعدگی سے مانیٹر ہورہی ہے اوراس ضمن میں مناسب وقت پر مناسب فیصلہ کریں گے۔وزیراعلیٰ نے ایک اورسوال کے جواب میں کہا کہ اچھے افسر فیلڈمیں کام کرتے رہیں گے اورجو کام نہیں کرے گا وہ عہدے پر نہیں رہے گا۔پنجاب بینک کے صدرکے انتخاب کے بارے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ میرا کسی سے کوئی سلسلہ نہیں ہے اورنہ ہی میں اس طرح کام کرتا ہوں ۔ایک اورسوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ(ق) کے درمیان بہترین تعلقات ہیں اورپریشانی کی کوئی بات نہیں۔ایک اورسوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام کا مسودہ تیار کرلیاگیا ہے اورہم اختیارات کو انتہائی نچلی سطح پر لے کر جارہے ہیں ۔فیاض الحسن چوہان کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ ہمارے بھائی ہیں اورجب آئیں گے توآپ کو بتا دیں گے ۔لاہور پریس کلب کی گرانٹ کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور پریس کلب کا مسئلہ حل کریں گے اوراس ضمن میں جلد میٹنگ ہوگی ۔اشتہارات کی تقسیم کے حوالے سے یکساں پالیسی بنا رہے ہیں اور اشتہارات کی ادائیگیوں کا مسئلہ بھی حل کیا جائے گا۔ایک اورسوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کے خلاف بھر پور کارروائی ہوگی اورپنجاب حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے رمضان پیکیج بھی دے گی جبکہ ا شیاء کی کوالٹی کو بھی یقینی بنایا جائے گااورآپ کو واضح فرق نظر آئے گا۔ایک اورسوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کسی نوٹیفکیشن کے جاری ہونے سے وزیراعلیٰ کے اختیارات کم نہیں ہوتے بلکہ وزیراعلیٰ وزیراعلیٰ ہی ہوتا ہے۔وزیراعلیٰ خود اداروں کی انسپکشن کرے یا وہ کسی وزیر یا بیورو کریسی کی ڈیوٹی لگائے یہ اس کا حق ہے ۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سے چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن لیفٹیننٹ جنرل (ر) مقصود احمد نے ملاقات کی۔ چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن نے وزیراعلیٰ کو ادارے کی کارکردگی کی سال 2018 کی رپورٹ پیش کی اورادارے کی مجموعی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئے پاکستان میں میرٹ کو آگے لے کر جائیں گے کیونکہ میرٹ اور شفافیت سے ہی قومیں آگے بڑھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن کو مزید فعال بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے مقامی ہوٹل میں ملکہ برطانیہ الزبتھ کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی،اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو،سفارتکاروں، صوبائی وزراء، سیاستدانوں، دانشوروں اورزندگی کے مختلف شعبہ سے وابستہ ممتاز شخصیات بھی موجود تھیں وزیراعلیٰ پنجاب نے ملکہ برطانیہ کی سالگرہ پر برطانوی شہریوں کو مبارکباد دی، ملکہ برطانیہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کی درازی عمر کیلئے دعا کی۔وزیراعلیٰ نے شاندار فلاحی ، سماجی و تعلیمی خدمات پر ملکہ برطانیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔

مزید : صفحہ اول