امریکہ کی متعدد جنوبی ریاستوں میں طوفانی بگولوں کی تباہی، 3بچوں سمیت 8افراد ہلاک

امریکہ کی متعدد جنوبی ریاستوں میں طوفانی بگولوں کی تباہی، 3بچوں سمیت 8افراد ...

  



واشنگٹن (اظہر زمان،بیوروچیف)امریکہ کی متعدد جنوبی ریاستوں میں طوفانی بگولوں نے زبردست تباہی مچادی جس کے باعث تین بچوں سمیت8 افراد کے ہلاک ،متعدد زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ تیز ہواؤں اور جھکڑ خطرناک بگولوں کی شکل میں میسیسی پی کی ریا ست میں گھومتے ہوئے سیاہ بادلوں کی جلو زمین پر اترے تو اپنی زد میں آنیوالی عمارتوں کو تباہ کرتے چلے گئے۔ریاست کی گورنر فل برائنٹ نے ایمرجنسی کا نفاذ کرکے نقصان کا اندازہ لگانے کی ہدایت جاری کردی ۔موسمیاتی چینل کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق ہملٹن شہرپرجب بگولا اترا تو اس وقت آندھی کی رفتار 130میل فی گھنٹہ تھی جس سے 55گھر ،ایک چرچ اور چار کاروباری عمارتیں تباہ ہوگئیں، اس دورا ن قریبی ریاست ٹیکساس کے شہرپولوک میں جھکڑ چلنے سے متعدد درخت گرگئے، ایک درخت گاڑی پر آگرا جہاں پچھلی نشست پر بیٹھے دو بچے زدمیں آگئے جبکہ اگلی نشست پر بیٹھے ان کے والدین محفوظ رہے، جبکہ دیگر دو افراد بگولے کی زد میں آکر ہلاک ہوئے، چینل کے مطابق ’’میسیی پی، ٹیکساس، لوزینا اور جارجیا کی جنوبی ریاستوں میں نوے ہزار صارفین بجلی سے محروم رہے۔ مشرقی ٹیکساس کے ایک ثقافتی میلے کے دوران بگولے نے تباہی مچا دی، جس سے ایک خاتون ہلاک اور 24 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ ملحقہ ہیوسٹن کاؤنٹی میں بھی ایک شخص کے ہلاک ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ ریاست لوزینا میں طوفان اور تیز بارشوں کے سبب سیلاب میں دو افراد ڈوب گئے۔ محکمہ موسمیات نے اتوار کی رات واشنگٹن ڈی سی اور نواحی علاقوں میری لینڈ، ورجینیا، مغربی ورجینیا، پنسلوینیا اور نیویارک اور اوہائیو کے کچھ علاقوں میں ممکنہ طوفان کی وارننگ جاری ہوئی تھی، جہاں زیادہ تر مقامات پر طوفان کسی نقصان کے بغیر گزر گیا۔ اوہائیوس بگولے کے باعث چھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

طوفانی بگولے

مزید : صفحہ اول


loading...