ہم ملک میں بینکنگ چینل سے اربوں روپے لائے،سلیمان شہباز

ہم ملک میں بینکنگ چینل سے اربوں روپے لائے،سلیمان شہباز

لندن(آن لائن ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز نے کہا ہے ہم ایک طرف تو ملک میں بینکنگ چینل سے اربوں روپے لیکر آئے اور سرمایہ کاری کی اور بھاری ٹیکس بھی ادا کیادوسری جانب عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان، تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین ، فیصل واوڈا اور خسرو بختیار نے منی لانڈرنگ کے ذریعے اربوں روپے ملک سے باہر منتقل کیے،میرے تمام اثاثے ایف بی آر میں درج ہیں ،میں باقائدگی سے ہر برس اپنی ٹیکس ریٹرنز اور دیگر دستاویزات ایف بی آر میں جمع کروا تا ہوں، ایف بی آر کے پاس میرے تمام دستاویزات موجود ہیں۔گزشتہ روزنجی ٹی وی سے گفتگو میں انکا مزید کہنا تھا حکومت کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر نیب ، ایف آئی اے ، مشیر احتساب شہزاد اکبر اور نعیم بخاری کو ٹاسک دیا جاتا ہے وہ شریف خاندان اور بلاول بھٹو کیخلاف من گھڑت مقدمات بڑھائیں، وزیراعظم عمران خان کو شریف خاندان کا فوبیا ہو گیا ہے ،انہوں نے کہا تھا ہم اپنی حکومت کے پہلے تین ماہ میں شریف فیملی سے 3 سو ارب روپے ریکور کرائیں گے،سلیمان شہباز نے کہا میں محبوب علی ، قاسم قیوم اور منظور احمد سمیت کسی شخص کو بھی نہیں جانتا ان شخصیات سے متعلق نقطہ نظر حکومت کا ہے مجھ سے اور میرے وکلاء سے اس قسم کی معلومات شےئر نہیں کی گئیں ، میں کبھی کسی سرکاری عہدے پر فائز رہا نہ کبھی پبلک آفس ہولڈر،میرے یا میرے بھائی حمزہ شہباز کیخلاف کک بیکس یا کمیشن لینے کا کوئی الزام نہیں ،ہمارا میڈیا ٹرائل کیاجا رہا ہے ۔ وزیراعظم عمران خان نا اہل ہیں اس وقت ملک میں بڑے کاروباری شخصیات کو تنگ کیا جا رہا ہے ۔میری تمام جائیداد پاکستان میں ہے مجھے بینکوں نے کاروبار کے سلسلے میں فنانس کیا تھا ہم نے قانون کے مطابق ملک میں سرمایہ کاری کی اور ایف بی آر میں بھی اس کو درج کرایا ، میں اپنے اوپر 85 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے الزام کو مسترد کرتا ہوں اور اس سلسلے میں حکومت کو عدالت میں لے کر جاؤں گا کہ وہ اس کو ثابت کریں ۔ موجودہ ماحول نیب نیازی گٹھ جوڑ ہے ،وزیراعظم عمران خان پہلے نیب پر تنقید اب نیب کے ذریعے ہمیں ہدف بنایا ہوا ہے ۔

سلیمان شہباز

مزید : صفحہ اول