حکومت ادویات کی قمیتیں کم کروانے میں ناکام ، میڈیکل ایسوسی ایشن کا اظہارتشویش

حکومت ادویات کی قمیتیں کم کروانے میں ناکام ، میڈیکل ایسوسی ایشن کا ...

لاہور(جنرل رپورٹر)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے حکومت کی طرف سے ادویات کی قیمتوں میں کمی میں ناکامی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور وزیر صحت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ادویات کی قیمتوں میں کمی کیلئے اپنا عملی کردار ادا کریں۔ وزیراعظم عمران خان کی طرف سے واضح احکامات کے باوجود قیمتوں کا برقرار رہنا ناقابل فہم ہے اور مقتدر حلقوں کی طرف سے منتخب حکومت کا تمسخر اڑانے کے مترادف ہے جن کے خلاف سخت ترین کاروائی کی جانی چاہیے۔پاکستان میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری کے ساتھ ساتھ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ مریضوں اور اُن کے لواحقین کیلئے اعصابی بیماریوں میں اضافہ کا مؤجب بنے گا۔ اِن خیالات کا اظہار پی ایم اے ہاؤس لاہور میں ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت صدر پی ایم اے لاہور پروفیسر ڈاکٹر اشرف نظامی نے کی۔ اجلاس میں جنرل سیکریٹری ڈاکٹر ملک شاہد شوکت، ڈاکٹر اظہار احمد چوہدری، ، ڈاکٹر تنویر انور، اجمل نقوی، ڈاکٹر سکندر حیات گوندل، ڈاکٹر احمد نعیم اختر، ڈاکٹرارم شہزادی، ڈاکٹر علیم نواز، ڈاکٹر واجد علی، ڈاکٹر بشریٰ حق اور ڈاکٹر نادر خان نے شرکت کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1