جو قوم حالات بدلنے کی جدوجہد نہیں کرتی اللہ تعالیٰ بھی حالت نہیں بدلتا،زوار بہادر

جو قوم حالات بدلنے کی جدوجہد نہیں کرتی اللہ تعالیٰ بھی حالت نہیں بدلتا،زوار ...

  



لاہور(نمائندہ خصوصی ) جمعیت علماء پاکستان کے سر براہ علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کوٹ لکھپت لاہور میں مولانا محمد شریف مرتضائی کے سالانہ عرس کے موقع پر نظام مصطفے ٰؐسے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو قوم اپنی حالت بدلنے کی جدوجہد نہیں کرتی اللہ تعالیٰ بھی اُس کی حالت نہیں بدلتا، انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم ہم بالکل مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں اور اگر ہماری قومی بے حسی کا یہی عالم رہا تو ناجانے ہماری حالت کیا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بحران پر بحران آرہے ہیں مگر پوری قوم تماشائی بنی بیٹھی ہے گزشتہ کئی دھائیوں سے وطن عزیز جس بحران کا شکار ہے اس کے ذمہ دار حکمران تو ہیں ہی مگر ہم بھی اپنی قومی ذمہ داری پوری نہیں کررہے حکمران اپنے ذاتی مفاد کے لئے وطن اور قوم کو داؤ پر لگاتے رہے۔ایسے میں علماء کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور لوگوں میں نظام مصطفےٰﷺ کے نفاذ کے لئے تحریک چلانی چاہئے کیونکہ ہمارے تمام مسائل کا حل صرف نظام مصطفےٰ ﷺ کے نفاذ میں ہے جب تک پوری قوم اللہ کے حضور توبہ نہیں کرتی اور ملک میں سرکار دو عالم ﷺکا نظام نافذ نہیں ہوتا ملک و قوم مسائل کا شکار ہوتے رہیں گے۔ قاری زوار بہادر کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک کا غریب طبقہ اپنی زندگی کی سانسیں جاری رکھنے کے لئے مشکلات سے دو چار ہے غریب کو سہولت دینے کے نام پر مہنگائی کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں ۔وزیر خزانہ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے میں اور عوام کو ریلیف دینے میں بُری طرح ناکام دکھائی دے رہے ہیں پٹرولیم مصنوعات ، بجلی ،گیس اور اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں ہوش رباء اضافہ ہو چکا ہے جس سے غریب عوام کا زندہ رہنا مشکل ہوچکا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...