عفت سردار اقبال کے انتقال پر اظہار تعزیت
لاہور (جنرل رپورٹر) تحریک پاکستان کے مخلص کارکن ‘سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان و چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ، وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد، جسٹس(ر) خلیل الرحمن خان، میاں فاروق الطاف ،چیئرمین تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ چیف جسٹس( ر) میاں محبوب احمد، کارکنان تحریک پاکستان کرنل(ر) محمدسلیم ملک ، چودھری ظفر اللہ خان ، محمد ارشد چودھری ، خواجہ خورشید وائیں ،چوہدری محمد طفیل ، رانا سجاد جالندھری، میاں ابراہیم طاہر، ایم کے انور بغدادی، بیگم ثریا خورشید،بیگم مہناز رفیع، ڈاکٹر اجمل نیازی، ڈاکٹر پروین خان، بیگم صفیہ اسحاق اور نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید نے اپنے ایک مشترکہ تعزیتی بیان میں تحریک پاکستان کی گولڈ میڈلسٹ کارکن عفت سردار اقبال کے انتقال پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے ۔ تعزیتی بیان میں کہا گیا ہے کہ عفت سردار اقبال نے زمانہ طالب علمی ہی میں تحریک پاکستان میں بھرپور حصہ لینا شروع کر دیاتھا۔ وہ سراپا پاکستان تھیں اور پاکستان سے گہری محبت ان کے رگ وپے میں رچی بسی تھی۔انہوں نے اپنی زندگی پاکستان کی تعمیروترقی اور نظریۂ پاکستان کی ترویج واشاعت کیلئے وقف کر رکھی تھی۔ بیان میں سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہارکیا گیا اور عفت سردار اقبال کی مغفرت کے لیے دعا کی کہ اللہ تعالی انہیں جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبرجمیل عطا فرمائے۔واضح رہے کہ عفت سردار اقبال دور وز انتقال کر گئی تھیں اور انہیں سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ عفت سردار اقبال زمانہ طالب علمی میں مختلف جلسے جلوسوں میں طلبا وطالبات کے ہمراہ شریک ہوتیں ، قائداعظمؒ اور مسلم لیگ کا پیغام بھی گھر گھر پہنچایا۔ خضر وزارت کیخلاف ایجی ٹیشن کے دوران خواتین کے احتجاجی جلوسوں میں بھرپور شرکت کی ۔ قیامِ پاکستان کے وقت آپ مہاجرین کی بحالی اور زخمیوں کی امداد اور بے گھر لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے شبانہ روز مصروفِ عمل رہے۔تحریک پاکستان میں آپ کی گرانقدر خدمات کے اعتراف میں تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ نے آپ کو گولڈ میڈل عطا کیا۔