شہباز شریف ہسپتال کی موجودہ عمارت میں نشتر کا مکمل گائنی وارڈ بنانے کی تجویز پر غور
ملتان (خبر نگار خصوصی)حکومت پنجاب کی ہدایت پر شہباز شریف جنرل ہسپتال اور سول ہسپتال کو ڈی ایچ کیو کڈنی سنٹر کمپلیکس کی نئی عمارت میں منتقل کرنے کے اقدامات شروع کردئیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک نے ڈی ایچ کیو کی زیر تعمیر عمارت کا جائزہ لینے کے لئے کڈنی سنٹر کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے ڈی ایچ کیو کی نئی عمارت کے مختلف زیرتعمیر شعبوں کا معائنہ کیا(بقیہ نمبر39صفحہ7پر )
اور محکمہ بلڈنگ سے تفصیلی بریفنگ بھی لی،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر منور عباس بھی انکے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک نے بتایا کہ شہبازشریف ہسپتال کے تینوں یونٹس کو رواں سال ڈی ایچ کیو کی نئی بلڈنگ میں شفٹ کر دیا جائے گا۔50 کروڑ سے زائد لاگت سے تعمیر ہونے والے نئے ڈی ایچ کیو میں گائنی سمیت تمام سہولیات ایک چھت تلے فراہم کی جائیں گی۔ مدثر ریاض ملک نے کہا کہ محکمہ بلڈنگز کو تعمیراتی کام تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور جلد ہی طبی مشینری کی انسٹالیشن شروع کردی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر شہباز شریف ہسپتال کی موجودہ بلڈنگ میں نشتر ہسپتال کا مکمل گائنی وارڈ بنانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک کو سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر منور عباس نے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ ڈپٹی کمشنر ملتان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر انسانی زندگی بچانے والی ادویات سمیت ہر قسم کی ویکسین کی کوالٹی 100 فی صد یقینی بنانے کیلئے سخت اقدامات کئے جارہے ہیں۔اس سلسلے میں ہر قسم کی ادویات خریداری سے قبل تمام ادویات ساز کمپنیوں کی مصنوعات کو ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری سے چیک کرانے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈرگ انسپکٹرز پر مشتمل خصوصی انسپکشن ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کا اچانک دورہ کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر نے ادویات کی سیمپلنگ اور ان کے تجزیے کے طریقہ کار پر بریفنگ بھی لی۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر منور عباس نے ادویات کے ٹیسٹ کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر مدثر ریاض ملک نے کہا کہ انسانی زندگی بچانے والی ادویات اور ویکسین کی مکمل میرٹ پر سیمپلنگ کرائی جارہی ہے۔ڈرگ انسپکٹرز کو تمام ہسپتالوں اور مراکز صحت سے ادویات کے سیمپل میرٹ پر اکٹھے کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مدثر ریاض ملک نے کہا کہ ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری میرٹ پر ادویات ساز کمپنیوں کی کارکردگی اور تیاری کے حوالے سے ضلعی حکومت کو مدد فراہم کر رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کی انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں کہ ادویات کی سیمپلنگ موصول ہونے کے 10 روز کے دوران رپورٹ ضلعی انتظامیہ کو بھجوائی جائے تاکہ سیمپل فیل ہونے کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور ادویات کے سیمپل چیک کیے۔