حقیقی تبدیلی نعروں سے نہیں جدوجہد سے آتی ہے: حافظ نعیم الرحمن

حقیقی تبدیلی نعروں سے نہیں جدوجہد سے آتی ہے: حافظ نعیم الرحمن

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حقیقی اورپائیدار تبدیلی محض نعروں اور دعووں سے نہیں جدوجہد کے ذریعے آتی ہے۔ عوام کے ٹیکسوں سے چلنے والے حکمرانوں نے عوام کو دو وقت کی روٹی اور پینے کے صاف پانی اور دیگر سہولتوں سے محروم رکھا ہوا ہے ، شدید گرمی میں کے الیکٹرک ایک بار پھر لوڈشیڈنگ کا عذاب عوام پر مسلط کر رہی ہے ، عوام مسائل کے حل کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، پاکستان کو بحران سے ہم ہی نکال سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مہران ٹاؤن کورنگی میں رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں عام لوگوں ، دکانداروں ، تاجروں ،رکشہ و ٹیکسی ڈرائیوروں اور نوجوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے لوگوں کو جماعت اسلامی کا پیغام پہنچایا اور اقامت دین کی جدو جہد میں شریک ہونے کی دعوت دی ۔اس موقع پر امیر زون کورنگی غربی منصور فیروز،نائب امراء سید آصف علی ،سیداورنگزیب حیدر ، سیکرٹری ہلال احمد ودیگر بھی موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ 70 سال سے اس ملک میں طبقہ اشرافیہ کی حکمرانی ہے۔جنہوں نے قوم کی دولت کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی غربت بے روزگاری نے غریب عوام کو دیوار سے لگا دیا ہے ، غریب لوگوں کے بچے تعلیم اورصحت جیسی بنیادی ضرورت سے محروم ہیں۔لوگ چہرے بدل بدل کر اقتدار پر قابض ہوجاتے ہیں۔عوام کو مسائل اور مشکلات سے دوچار کیا ،عوام کی فلاح و بہبود اور ریلیف کے لیے کوئی کام نہیں کیا ۔انہوں نے کہا کہ اب کوئی راستہ نہیں ہے، مظلوموں کو اب ظالموں اور لٹیروں کے خلاف متحد ہونا ہوگا اور ظلم کے نظام کے خاتمے کی جدو جہد کرنی ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی رابطہ عوام مہم مظلوموں اور کمزوروں کی داد رسی کے لیے ہے ،ہم ملک کو ایک اسلامی اور فلاحی مملکت بنانا چاہتے ہیں۔ہم چہروں کے بجائے نظام کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں اور نظام کی تبدیلی ہی پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن کرے گی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر