کراچی ،تاریخی ڈینسو ہال کی صفائی مہم کا آغاز

کراچی ،تاریخی ڈینسو ہال کی صفائی مہم کا آغاز

کراچی (پ ر) ہیریٹج فاؤنڈیشن آف پاکستان نے دو دہائیوں (1886)کے بعد کاروان کراچی کو فعال کرتے ہوئے میرٹ روڈ پر واقع ڈینسو ہال کی تاریخی عمارت کی صفائی ستھرائی کے کام کا آغاز کردیا ۔یاد رہے کہ سپریم کورٹ کراچی کی جانب سے کراچی کو اس کا حسن واپس دلانے کی غرض سے قدیم عمارتوں اور سڑکوں کی صفائی کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ان ہی احکامات کی روشنی میں ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے ہیریٹج فاؤنڈیشن آف پاکستان کی سی ای او یاسمین لاری نے تاریخی حیثیت کے حامل ڈینسو ہال اور اس کے گردو نواح کی صفائی کے کام کا بیڑہ اُٹھایا ہے۔ صفائی کے اس عمل کے دوران کاروان کراچی کے بینرسے سجی ہوئی سڑکوں‘اسکول کے بینڈز کی سڑکوں پر جاری پرفارمنس اور اسٹیج پر ہونے والی پرفارمنس نے جشن کا سماں پیدا کررکھا تھا۔تقریب کے میزبان عارف بھالم شرکاء کو پرجوش انداز میں خوش آمدید کہہ رہے تھے جو گرمی کی شدت کو خوش دلی سے برداشت کرتے ہوئے کراچی کی محبت کا ثبوت دے رہے تھے۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعد پاکستان کا قومی ترانہ بجایا گیا ۔ شہناز رمزی، ہیریٹج فاؤنڈیشن آف پاکستان کی ڈائریکٹراور چارٹرپریذیڈنٹ روٹری کلب کراچی نیو سینٹرل جو اس کام میں ہیریٹج فاؤنڈیشن کے ساتھ شامل ہے ۔نے شرکاء کی بڑی تعداد سے خطاب کرتے ہوئے کاروان کراچی کی گزشتہ دو دہائیوں کی کارکردگی کا جائزہ پیش کیا‘بعد ازاں یاسمین لاری نے تاریخی عمارتوں اور میرٹ روڈ کی پیدل چلنے والی گزرگاہوں کی حفاظت کے حو الے سے شرکاء کو آگاہ کرتے ہوئے اپنے اس خواب کو شرمندہ تعبیر ہونے میں ساتھ دینے والوں کا شکریہ ادا کیا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر