کراچی ،ساحلی علاقوں میں پاک بحریہ کی شجر کاری مہم کا آغاز

کراچی ،ساحلی علاقوں میں پاک بحریہ کی شجر کاری مہم کا آغاز

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاک بحریہ کے زیر اہتمام ساحلی علاقوں میں شجر کاری مہم 2019کا آغاز کردیا گیاہے۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اس ضمن میں کہاکہ پاک بحریہ سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں اب تک 4 ملین مینگرووز کے پودے اگا چکی ہے۔تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کے زیر اہتمام ساحلی علاقوں میں شجر کاری مہم 2019 کا آغاز کردیا گیا۔ اس موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ مینگرووز شجر کاری مہم فطرت سے تعلق مضبوط کرنے کا سنہری موقع ہے۔نیول چیف نے کہاکہ مینگرووز کے جنگلات مختلف النواع آبی حیات بشمول مچھلیوں، کیکڑے، جھینگوں، سمندر میں رہنے والے دیگر جانداروں، پودوں اور حیاتیات کے لیے مسکن اور خوراک مہیا کرتے ہیں۔ حکومت پاکستان کے صاف اور سر سبز پاکستان اقدام اور قومی فریضے کی ادائیگی کے ضمن میں پاک بحریہ گزشتہ تین سالوں سے مینگرووز شجر کاری مہم شروع کیے ہوئے ہے۔انہوں نے کہاکہ پاک بحریہ سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں اب تک 4 ملین مینگرووز کے پودے اگا چکی ہے۔ جنگلات میں کمی سے سر سبز دنیا کو فروغ دینے کی کاوشیں متاثر ہوتی ہیں جو کہ قدرتی ماحول میں تشویش ناک عدم توازن کی وجہ بھی ہے۔ اسی طرح گزشتہ دو عشروں کے دوران پاکستان میں جنگلات اور مینگرووز میں پریشان کن حد تک کمی واقع ہوئی ہے۔ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ مینگرووز میں کمی نہ صرف ساحلی جانداروں پر منفی اثرات مرتب کرتی ہے بلکہ ساحلوں پر مقیم انسانوں کے ذریعہ معاش میں بھی کمی کا باعث بنتی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ متعلقہ اداروں کے اقدامات اور زیرک پالیسیوں کے ذریعے جنگلات میں واقع ہونے والی کمی کو روکا جائے اور ان کی افزائش پر توجہ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ مینگرووز موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والے ساحلی خطرات پر منفی اثرات کو روکنے میں بھی موثر کردار ادا کرتے ہیں۔ مینگرووز کی افادیت کا ادراک کرتے ہوئے ساحلی علاقوں کی حفاظت میں اہم شراکت دار کی حیثیت سے پاک بحریہ نے ساحل کے ساتھ ساتھ مینگرووز کے جنگلات کو بچانے کے لیے نمایاں اقدامات کیے ہیں۔نیول چیف نے کہاکہ میں امید کرتا ہوں کہ مینگرووز شجر کاری کی یہ مہم مینگرووز کی حفاظت کی اہمیت کے سلسلے میں آگہی کے فروغ اور ملک میں مینگرووز کے جنگلات کو وسعت دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر