گیارہ سال سے پیپلزپارٹی فنڈز فراہم نہیں کررہی،فیصل سبزواری

گیارہ سال سے پیپلزپارٹی فنڈز فراہم نہیں کررہی،فیصل سبزواری

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ صوبے کو اختیارات ملیں اور اس پر حکومت ناگ بن کر بیٹھ جائے ایسا نہیں ہونا چاہئے، گیارہ سال سے پیپلزپارٹی فنڈز فراہم نہیں کررہی، جان بوجھ کر شہر تباہ کیا جارہا ہے۔خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا کہ حکومتوں کو جانچاجاناچاہئے کہ ان کے پاس اختیارات کتنے ہیں، یہ بھی جانچنا چاہئے کہ حکومتوں کی نیت کیسی ہے۔انہوں نے کہاکہ90فیصد مسائل مقامی ہوتے ہیں، کچرا، پینے کے پانی اور سڑکوں کے مسائل ہوتے ہیں،صوبائی، وفاقی اور مقامی حکومت جو کوشش کررہی ہیں اس پر شہر نہیں چل سکتا، کراچی کو 6 ڈسٹرکٹس میں تقسیم کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کی آدھی سڑکیں پانی کے رساؤ سے ٹوٹی ہوئی ہیں، جب مصطفی کمال ناظم تھے تب 43 ارب کا بجٹ تھا اب ایسا نہیں ہے، نعمت اللہ خان، مصطفی کمال کے دور میں نظام میں وسائل تھے۔ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے کہا کہ پہلے اختیارات تھے اب تو یہ بھی نہیں دیئے جارہے، واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کا نظام بھی میئر کے پاس نہیں ہے، پیپلزپارٹی کی نااہلی نہیں بلکہ بدعنوانی ہے، جان بوجھ کر شہر تباہ کیا جارہا ہے۔فیصل سبزواری نے کہا کہ کے ایم سی کا ترقیاتی بجٹ سڑکوں پر لگتا نظر آنا چاہئے، پیپلزپارٹی کو برا لگتا ہے سندھ میں دوسرا انتظامی یونٹ نہ بنے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر