جنرل ہسپتال میں ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی واک

جنرل ہسپتال میں ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی واک

  



لاہور(جنرل رپورٹر)جنرل ہسپتال میں ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی واک اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں پروفیسرز صاحبان ،محکمہ صحت کے حکام ، انتظامی ڈاکٹرز ،پیرا میڈیکل سٹاف اور نرسز سمیت مریضوں و شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سیمینار میں مریضوں اور اُن کے عزیزوں کو ڈینگی کی بیماری سے بچاؤ ،علاج معالجے اور حفاظتی تدابیر کے حوالے سے انتہائی اہم معلومات فراہم کی گئیں اور پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے۔اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ایل جی ایچ ڈاکٹر محمود صلاح الدین کا کہنا تھا کہ بحیثیت مسلمان ہم صفائی کو نصف ایمان مانتے ہیں۔

اور اگر ہم گردو پیش کے ماحول کو صاف رکھیں گے تو دیگر بیماریوں سمیت ڈینگی سے بچاؤ بھی ممکن ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی ہماری مذہبی و معاشرتی ذمہ داری ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر شہری کلین و گرین مہم کو کامیاب بنائے۔2011سے پنجاب میں ڈینگی کی بیماری سے سامنے آنے کے بعد اس مرض پر قابو پانے کیلئے محکمہ صحت اور ہسپتالوں میں خصوصی اقدامات برؤئے کار لائے جا رہے ہیں اور موجودہ حکومت اور وزیر صحت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں ڈینگی سے بچاؤ کیلئے حفاظتی تدابیر کو یقینی بنایا جائے گا۔ڈاکٹر محمود صلاح الدین نے بتایا کہ اس ادارے میں ڈینگی کے خلاف سب سے زیادہ اقدامات اٹھائے گئے ہیں جبکہ ڈینگی کے مریضو ں کی تشخیص اور علاج معالجے کیلئے خصوصی بندوبست موجود ہے ۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر آغا توحیدنے کہا کہ ڈینگی کے لاروے کی افزائش کو روکنے کیلئے گملوں ، کیاریوں ،گھر کے لان اور بالخصوص موجودہ موسم میں روم کولرز اور چھتوں پر پڑے ہوئے ٹائرز و دیگر اشیاء میں پانی نہ کھڑا ہونے دیا ،ڈینگی کے لاروے کے گندے کی بجائے صاف پانی میں زیادہ تیزی سے پیدا ہونے کے امکانات ہوتے ہیں۔اسی طرح ڈینگی وائرس ایک متاثرہ مریض سے کسی دوسرے شخص کو بھی منتقل ہو سکتا ہے ،ہمیں اپنے گھروں اور اُس کے آس پاس بارش کے پانی کے نکاس کا بھی ضرور بندو بست کرنا چاہیے۔اس موقع پر ڈاکٹر سرور اور ڈاکٹر سید جعفر حسین نے بھی گفتگو کرتے ہوئے جنرل ہسپتال میں ڈینگی کے خلاف آگاہی واک اور سیمینار کے انعقاد کو سراہا۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر آغا توحید کا کہنا تھا کہ ڈینگی کی روک تھام کیلئے ہر سرکاری محکمے میں علیحدہ یونٹ بنائے گئے ہیں ۔انہوں نے ڈینگی کی مرض کے بارے میں میڈیا کے کردار کو بھی انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ جنرل ہسپتال میں منعقدہ ڈینگی آگاہی واک میں شرکاء نے ڈینگی مچھر کے تدارک ،صفائی ستھرائی اور دیگر متعلقہ سلوگن پر مبنی پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر حفاظتی تدابیر بھی درج تھیں ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4


loading...