امام اعظم ابو حنیفہ کا طرز استدلال فقہائے امت کیلئے مرشد کی حیثیت رکھتا ہے،اشرف جلالی

امام اعظم ابو حنیفہ کا طرز استدلال فقہائے امت کیلئے مرشد کی حیثیت رکھتا ...

لاہور(نمائندہ خصوصی )تحریک لبیک یارسول اللہ ؐ اور تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام شالیماٹاؤن میں جامعہ مسجدنقشبندی قلعہ خزانہ میں حضرت امام اعظم ابو حنیفہ کی یاد میں’’ امام اعظم کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔کانفرنس کی صدارت تحریک لبیک یارسول اللہؐ لاہور کے رہنما پیر سید عبد الشکور شاہ رضوی نے کی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یارسول اللہ ؐ اور تحریک لبیک اسلام کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا امام اعظم ابو حنیفہ کا طرز استدلال فقہائے امت کیلئے مرشد کی حیثیت رکھتا ہے۔ آپ نے صحابہ کرام سے علم حاصل کیا۔اور آگے ہزاروں محدث اور فقہا تیار کیے۔امام اعظم ابو حنیفہ امت مسلمہ کی عظمت کی دلیل ہیں۔آپ نے شریعت مصطفیٰؐ کے اصولوں کی تدوین میں بنیادی کردار ادا کیا۔آپ نے سب سے پہلے فقہ اسلامی کوشورائی طریقے سے مرتب کیا۔آپ امت مسلمہ کے وہ محسن ہے جنہوں نے امت میں منظم طریقے سے کتاب لکھنے کی داغ بیل ڈالی اور قرآن وسنت سے لاکھوں مسائل دلیل کی روشنی میں اخذ کیے۔

آپکی فقہی ترتیب کو پیش نظر رکھتے ہوئے حضرت امام مالک قدس سرہ العزیزنے حدیث کی اولین کتاب موطا امام مالک لکھی۔امام اعظم کا فقہی بورڈ ایک ہزار فقہا پر مشتمل تھا جس میں40مجتھد تھے۔

ایک ایک مسئلہ پر قرآن وسنت اور صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنھم کے فیصلوں کی روشنی طویل تبادلہ خیال کے بعداسے فقہ حنفی کا حصہ بنایاجاتا ۔ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے مطالبہ کیا کہ پاکستان میں اکثریت فقہ حنفی کے پیروکاروں کی ہے۔چنانچہ پاکستان میں فقہ حنفی کو پبلک لا بنایا جائے۔کثیر علماء کرام اور عوام اہل سنت نے امام اعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔ کانفرنس میں مولانا محمد سرفراز حامدی ،مولانا محمد مبشر رسول صدیقی،قاری محمد عبد المجید چشتی،مولانا محمد مظہر اقبال نورانی۔مولانا محمد شاہد ندیم جلالی نے بھی شرکت کی

مزید : میٹروپولیٹن 4