2روزہ جشن بہاراں کے سلسلہ میں ’’کشمیر فیسٹیول ‘‘ اختتام پذیر

2روزہ جشن بہاراں کے سلسلہ میں ’’کشمیر فیسٹیول ‘‘ اختتام پذیر

لاہور(فلم رپورٹر)آزاد جموں وکشمیر کلچرل اکیڈمی و میڈیا سنیفرکے زیر اہتمام 2روزہ جشن بہاراں کے سلسلہ میں ’’کشمیر فیسٹیول ‘‘ اختتام پذیر ہوگیا ۔ اختتامی تقریب میں آزاد کشمیر کے وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار علی گیلانی ، وزیر آئی ٹی ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی ، سیکرٹری جموں وکشمیر لبریشن سیل منصور قادر ڈار ، ، سیکرٹری سپورٹس یوتھ اینڈ کلچرسید ظہور الحسن گیلانی ، ڈائریکٹر جنرل کشمیر کلچرل اکیڈمی شفقت علی چوہدری ،ایڈ منسٹریٹر بلدیہ خواجہ اعظم رسول، خواتین ، بچوں ، فیملیز اور مختلف مکتبہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی ۔ اختتامی تقریب میں پاکستان اور مقامی فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا ۔دوسرے دن بھی لوکل کھیل پیش کئے گئے جو لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے ۔

اختتامی تقریب میں وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی نے سیکرٹری لبریشن سیل منصور قادر ڈار ، سیکرٹری سپورٹس ظہور الحسن گیلانی ، ڈائریکٹر جنرل کشمیر کلچرل اکیڈمی شفقت علی چوہدری اور دیگر کو شیلڈ دیں ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار علی گیلانی نے کہا کہ کشمیر فیسٹیول کے انعقاد سے آزاد کشمیر کے کلچر اور ثقافت کو دنیا بھر میں متعارف کروانے اور اجاگر کرنے میں مدد ملے گی ۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ ہر سال 13,14اپریل کو کشمیر فیسٹیول منایا جائے گا تاکہ لوگوں کے لئے تفریح کے مواقع میسر آسکیں اور کشمیر ی کلچر اور ثقافت کو اجاگر کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر سیکرٹری جموں وکشمیر لبریشن سیل منصور قادر ڈار اور ڈائریکٹر جنرل کشمیر کلچرل اکیڈمی شفقت علی چوہدری مبارکباد کے مستحق ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل جموں وکشمیر کلچرل اکیڈمی شفقت علی چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر کے ویژن کے مطابق کشمیر کلچرل اکیڈمی آزاد کشمیر کے کلچر اور ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ایونٹس دیگر اضلاع میں بھی کروائیں گے تاکہ کشمیر کلچر کو فروغ ملے اور لوگوں کو تفریح کے مواقع بھی فراہم ہو سکیں۔

مزید : کلچر