پشاور میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن مکمل ، خالی گھر میں گزشتہ شام ہی مہمان آئے ، پانچ دہشتگرد ہلاک ، ایک پولیس افسر شہید : آئی ایس پی آر نے تصدیق کردی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) پشاور کے علاقے حیات آباد میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے پانچ دہشتگردوں کو ہلا ک کر دیاہےجن کی شناخت کا عمل جاری ہے ، انٹیلی جنس اطلاعات پر شروع ہونیوالا آپریشن مکمل ہوچکا ہے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک اے ایس آئی قمر عالم شہید ہو گئے ہیں ۔
پاک فوج کے ادارہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) نے کہاہے کہ پاک فوج اور خیبر پختون خواہ پولیس نے حیات آباد میں آپریشن کیا جو کہ گزشتہ رات شروع کیا گیا جس دوران پانچ دہشتگرد مارے گئے ہیں جبکہ ایک پولیس افسر شہید ہو گیاہے جن کا نام قمر عالم ہے ۔فائرنگ کے تبادلے میں ایک افسر اور جوان زخمی بھی ہوا جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیاہے ، ہلاک دہشتگردی کی لاشیں تحویل میں لے لی گئیں ہیں جس کے بعد دہشتگردوں کے ٹھکانے کے علاوہ علاقے کی کلیئرنس جاری ہے جبکہ دہشتگردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے ۔آئی ایس پی آر کا کہناتھا کہ اے ایس آئی قمر عالم کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے ۔
دوسری طرف دنیا نیوز کے مطابق حیات آباد میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا اور مکان کے مالک عبدالناصر نے ایک ماہ پہلے جاوید کوکی خیل کو مکان کرائے پر دیا جہاں رات کو مہمان آئے ہوئے تھے اور سیکیورٹی اہلکاروں پر پہلا فائر کل رات آٹھ بجے کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق مالک مکان نے ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے جاوید کوکی خیل نامی شخص کو ایک ماہ قبل گھر 37 ہزار روپے ماہانہ کرائے پر دیا تھا۔ مکان میں کوئی فیملی رہائش پذیر نہیں تھی لیکن گزشتہ رات کو کچھ لوگ مہمان کے طور پر آئے۔ ٹی وی کے ذرائع کے مطابق حساس اداروں نے کرائے پر مکان دینے والے پراپرٹی ڈیلر اور سہولت کار کو حراست میں لے لیا، جسے مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا، مکان آئی ای ڈی کو ناکارہ بنانے کے دوران مکمل طور پر منہدم ہوگیا۔