ماں کے پیٹ میں جڑواں بچوں کی لڑائی

ماں کے پیٹ میں جڑواں بچوں کی لڑائی
ماں کے پیٹ میں جڑواں بچوں کی لڑائی

  

بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) بہن بھائیوں کی کھٹی میٹھی لڑائی کا مزہ تو ہر وہ شخص چکھتا ہے جس کے بہن بھائی ہوں، مگر یہ لڑائی یقینا بچوں کی پیدائش کے بعد ہی ہوتی ہے۔ آپ بھی کہیں گے کہ یہ کیا احمقانہ بات ہوئی لیکن آپ یہ سن کر دنگ رہ جائیں گے کہ گزشتہ دنوں چین میں ماں کے پیٹ میں پرورش پاتے دو جڑواں بچوں کی لڑائی کی ویڈیو منظرعام پر آئی ہے جس نے ایک دنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال رکھا ہے۔

میل آن لائن کے مطابق واقعہ کچھ یوں ہے کہ چین کے شہر ین چوآن میں ایک شوہر اپنی حاملہ بیوی کو الٹراساﺅنڈ کروانے کے لیے ہسپتال لے گیا۔ جب ڈاکٹر اس کا الٹراساﺅنڈ کر رہے تھے تو مشین کی سکرین پر ایسا منظر ابھرا کہ وہ شخص اور ڈاکٹر دم بخود رہ گئے، کیونکہ خاتون کے پیٹ میں موجود دو جڑواں بچے ایک دوسرے کو جیسے دھکے دے کر پیچھے دھکیل رہے ہوتے ہیں اور لڑ رہے ہوتے ہیں۔

28سالہ تاﺅ نامی اس شخص نے جھٹ سے جیب سے موبائل فون نکالا اور الٹراساﺅنڈ مشین کی سکرین پر نظر آنے والے اس عجیب منظر کو فلما لیا۔ اس نے یہ ویڈیو بعدازاں سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جو جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور اب تک اسے کروڑوں لوگ دیکھ چکے ہیں۔ تاﺅ نے چین کی آن لائن نیوز آﺅٹ لیٹ ’دی پیپر‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ”اپنے بچوں کو پیدائش سے پہلے ہی باہم باکسنگ کرتے ہوئے دیکھا انتہائی مسحورکن تجربہ تھا۔ اس سے بڑھ کر مجھے اس بات کی بھی خوشی ہے کہ میرے بچے پیدائش سے پہلے ہی سوشل میڈیا سٹار بن گئے ہیں کیونکہ ان کی ویڈیو کروڑوں لوگ دیکھ چکے ہیں۔“

مزید : ڈیلی بائیٹس