حکومت مساجد ومدارس کا گھیرا تنگ نہ کرے‘ مولانا حامد الحق

حکومت مساجد ومدارس کا گھیرا تنگ نہ کرے‘ مولانا حامد الحق

  

پشاور(سٹی رپورٹر)جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا حامد الحق حقانی نے ملک کے جید علما کرام کی طرف سے کراچی میں منعقدہ اجلاس میں ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے اعلامیہ سے اتفاق کیا اور تمام تر حفاظتی تدابیر کے ساتھ مساجد میں نماز اور رمضان المبارک کے دوران تراویح کی ادائیگی کی حکومت سے اجازت کا مطالبہ کیا۔جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا حامد الحق حقانی،جنرل سیکرٹری مولانا عبدالرؤف فاروقی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا سید یوسف شاہ،مولانا فہیم الحسن تھانوی، حافظ احمد علی،مولانا شاہ عبدالعزیز مجاہد، مولانا عبدالخالق ہزاروی نے مشترکہ بیان میں کراچی میں منعقدہ علماء اجلاس کے اعلامیہ اورمفتی تقی عثمانی،مولانا مفتی منیب الرحمن کی پریس کانفرنس کی مکمل تائید کی ہے،اورحکمرانوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مساجد ومدارس کے گرد گھیرا تنگ کرنے کی مرتکب نہ ہوں، جمعہ کے اجتماعات،ماہ رمضان میں تراویح کی نماز اورپانچ وقت کی باجماعت نماز اسلام کے شعائر ہیں، ان پر قدغن کسی صورت قبول نہیں۔ جمعیت علماء کے خلاف کاروائیوں کی مذمت کرتی ہے،بیان میں مولانا محمد یحییٰ محسن (ناروال) مولانا ارشد حسین ثاقب(لاہور) اورمولانا شاہ عبدالعزیز (مانسہرہ) کی وفات پر رنج و غم کا اظہار کیا گیا۔مولانا حامد الحق حقانی نے کرونا وائرس سے وفات پا جانے والے افراد کی بلندی درجات اور متاثرہ مریضوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -