ایمر جنسی صورتحال، وزیراعلیٰ کادورہ چاسدہ نیک شگون ہے، عارف احمد زئی

ایمر جنسی صورتحال، وزیراعلیٰ کادورہ چاسدہ نیک شگون ہے، عارف احمد زئی

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے معدنیات عارف احمدزئی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایمرجنسی صورتحال میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی جانب سے دورہ چارسدہ نیک شگون ہے جس سے کورونا کے خلاف کام کرنے والے تمام اداروں کی حوصلہ افزائی ہونے کے ساتھ جبکہ عوام میں اعتماد کی فضا بھی مزید بہتر ہوئی ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، انتہائی مہارت کے ساتھ کورونا کے خلاف جنگ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی جانب سے کئے گئے حالیہ دورہ چارسدہ پرجاری کردہ ایک پریس بیان میں کیا۔ معاون خصوصی عارف احمدزئی نے مائنز اینڈ منرلز سے وابستہ افراد کے حوالے سے کہا کہ جس طرح درزی، پلمبر سمیت تعمیرات کے شعبے سے تعلق رکھنے والے کارباری حضرات کو کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے اسی طرح معدنیات سے وابستہ کنٹریکٹرز اور ٹرانسپورٹرز کو بھی اجازت دینے کی حکمت عملی تیارکی گئی ہے اور انہیں بھی اجازت دی جا رہی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت مزدور دوست حکومت ہے، اسی لئے حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ مزدور طبقے کو تمام دستیاب وسائل سے آسانی دی جائے۔ تاکہ ان کے گھر کا چولہا جلتا رہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون برائے معدنیات عارف احمدزئی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ محمود خان کے سامنے شبقدر ہسپتال کے تمام مسائل رکھے ہیں جن کے حل کے لئے وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایات بھی جاری کر دی۔ شبقدر ہسپتال میں ڈاکٹرز، سٹاف اور مریضوں کو درپیش چیلنجز جلد از جلد حل ہو جائیں گے۔ کورونا سے نمٹنے کے لئے شبقدر ہسپتال کو حفاظتی کٹس، وینٹی لیٹرز سمیت دیگر تمام ضروری سامان مہیا کیا جائے گا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -