چھوٹے تاجروں میں ریلیف پیکج تقسیم، بجلی بل معاف کئے جائیں،رانا ثناء اللہ

چھوٹے تاجروں میں ریلیف پیکج تقسیم، بجلی بل معاف کئے جائیں،رانا ثناء اللہ

  

اسلام آباد (این این آئی) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے چھوٹے تاجروں کیلئے ریلیف پیکج کی فوری تقسیم کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ چھوٹے تاجر کو پاؤں پر کھڑا رکھنا ریاست کی ذمہ داری ہے،دنیا بھر میں چھوٹے تاجر وں کی معاشی بقا کیلئے خصوصی بیل آؤٹ پیکیج دیئے گئے،چھوٹا تاجر سفید پوش ہے اور حکومت کی امداد کا حقیقی حقدار بھی۔چھوٹے تاجر وں کو وزیراعظم کے ریلیف پیکیج میں نظرانداز کیا گیا،دیہاڑی دار کی طرح چھوٹا تاجر بھی لاک ڈاؤن سے شدید متاثر ہے۔وفاق کے ریلیف پیکیج میں ایس ایم ای سیکٹر کیلئے 100 ارب رکھا گیاجسے فوری تقسیم کرنے کی حکمت عملی بنائی جائے۔اپنے ایک بیان میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ تقسیم پر عملدرآمد نہیں ہوتا تو اس پیکج کا عملًا تاجروں کو کوئی فائدہ نہیں،ریلیف پیکیج میں مختص سوارب روپے این ایف سی فارمولے کے تحت صوبوں کو دیدیا جائے، صوبے،دستیاب رقم سے چھوٹے تاجروں کی مالی امداد اور بلا سود قرضے کی سکیم جاری کریں۔انہوں نے کہاکہ 200 یونٹس تک کمرشل بجلی استعمال کرنے والے چھوٹے تاجروں کے بل معاف کئے جائیں۔ بجلی کے دیگر کمرشل بل تین ماہ کے لئے موخر کئے جائیں۔موخر شدہ بجلی کے کمرشل بلوں پر سر چارج وصول نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومتیں،سرکاری کمرشل پراپرٹی کے کرائے میں ریلیف دیں۔

رانا ثناء اللہ

مزید :

پشاورصفحہ آخر -