منشیات فروش گرفتار، منشیات برآمد
پشاور(کرائمز رپورٹر) کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران مزید 9 افراد کو گرفتار کر لیا، گرفتار ہونے والے ملزمان میں اندرون شہر آئس اور ہیروئن سپلائی کرنے والا ملزم بھی شامل ہے، تمام ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ہے جن کے قبضے سے مجموعی طور پر 8 کلو گرام چرس، ایک کلو گرام سے زائد ہیروئن اور ہزاروں روپے مالیت کی آئس برآمد کر کے مقدمات درج کر لئے گئے ہیں تفصیلات کے مطابق کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے منشیات کی روک تھام اور مکروہ دھندے میں ملوث افراد کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران مزید 9 افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جس کے دوران ایس ایچ او تھانہ گلبہار احمد اللہ نے اندرون شہر ہیروئن اور آئس سپلائی کرنے والے ملزم ملک آصف ولد عبد الطیف کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ایک کلو گرام ہیروئن اور ہزاروں روپے مالیت کی آئس برآمد کی ہے،اسی طرح ایس ایچ او تھانہ سربند مثل خان نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران بین الصوبائی سمگلرز گروہ کے تین ارکان حاجی بھادر ولد رحمانی خان سکنہ باجوڑ، عامر حنیف ولد محمد حنیف سکنہ شیخوپورہ، عمران ولد رمضان سکنہ میر پور ڈسکہ کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے تین کلو گرام چرس برآمد کی جبکہ تھانہ ارمڑ پولیس نے منشیات فروش جمال عرف جمالے ولد ارباب، تھانہ فقیر آباد پولیس نے ملزمان نور رحمان، کریم، محمد عمر اور امتیاز کو گرفتار کر کے مجموعی طور پر ان کے قبضے سے 8 کلو گرام چرس برآمد کر لی ہے، گرفتار ہونے والے تمام ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران منشیات فروشی اور سمگلنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے جن کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے