حکومت اپنی صفوں میں موجود آٹا چینی مافیا کے ظالمانہ اقدامات کا جائزہ لے: سراج الحق

حکومت اپنی صفوں میں موجود آٹا چینی مافیا کے ظالمانہ اقدامات کا جائزہ لے: ...

  

لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ مشکلات سے نمٹنے کے لیے اجتماعی سیاسی بصیرت سے کام لیا جائے تو ہر مشکل آسان ہو سکتی ہے۔اس موقع پر وفاقی،صوبائی حکومتوں سمیت تمام سیاسی پارٹیوں کو ایک پیج پر آنے کی ضرورت ہے۔یہ وقت سیاسی بصیرت اور دور اندیشی کا ہے کسی جانب سے کوئی پوائنٹس اسکورنگ نہیں ہونی چاہیے۔قومی سیاسی قیادت میں ہم آہنگی کا نہ ہونا المیہ ہے،حکومت کو موجودہ بے یقینی سے نکلنے کے لیے خود تمام پارٹیوں سے رابطے کرنے چاہئیں۔کرونا وبا کی وجہ سے پیدا ہونے والی مشکلات میں ہنر مندوں،دیہاڑی داروں اور کاروباری افراد سمیت تمام نجی اور سرکاری ملازمین کو اپنے شکنجے میں کس لیا ہے۔حکمرانوں کو اب بھی اللہ کا خوف نہیں آرہا تو کب آئے گا۔ملک میں گندم کی کٹائی کا آغاز ہوگیا ہے، دوسری جانب آٹا مافیا گدھوں کی طرح کسانوں کی گندم کی فصل اونے پونے داموں ہتھیانے کیلئے منڈلا رہاہے۔حکومت اپنی صفوں میں موجود آٹا چینی مافیا کے ظالمانہ اقدامات کاجائزہ لے۔ڈاکٹرز کی طرح میڈیا ورکرز،صحافیوں اور بلاگرز کا بھی کرونا وبا سے نپٹنے میں بڑا اہم کردار ہے۔ڈاکٹر پیرامیڈیکل سٹاف کرونا متاثرین کا علاج کررہے ہیں جبکہ میڈیا عوام کے اندر اس وباء سے بچاؤ کے لیے آگہی پیدا کررہاہے۔ان خیالات کاا ظہار انہوں نے ویڈیو لنک پر مختلف اداروں کے لیے لکھنے والے بلاگرز سے میٹنگ میں کیا۔اس موقع پرسیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور سوشل میڈیا کے انچارج شمس الدین امجد بھی موجود تھے۔ بلاگرز نے الخدمت فاؤنڈیشن اور جماعت اسلامی کی ریلیف کی سرگرمیوں کو سراہا اور اپنی طرف سے تجاویز بھی پیش کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد مشکل حالات میں اپنی ذمہ داری احسن انداز میں پوری کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ دانشور،صحافی خواتین و حضرات قوم کی درست سمت میں رہنمائی کرسکتے ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس مشکل وقت میں قوم کو اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کرنے کی دعوت دی جائے۔کرونا وائر س کی وبا میں ”بچو اور بچاؤ فرض بھی ذمہ داری بھی“ کے سلوگن کے ساتھ عوام کی خدمت کا فریضہ سرانجام دیا جائے۔

سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -