فواد چودھری کا علماء کرام کے بارے بیان افسوسناک،حافظ عمار یاسر

    فواد چودھری کا علماء کرام کے بارے بیان افسوسناک،حافظ عمار یاسر

  

لاہور(خصوصی رپورٹ) پنجاب کے وزیر برائے معدنیات حافظ عمار یاسر نے وفاقی وزیر فواد چودھری کے علماء کرام کے بارے میں بیان کو افسوسناک اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیاہے۔ انہوں نے وزیر اعظم سے اس بیان پر فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ حافظ عمار یاسر نے کہا کہ مفتی منیب الرحمن ایک ممتاز عالم دین ہونے کے ساتھ ساتھ رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں حکومتی سطح پر ان کی کردار کشی بہت سے بحران پیدا کرنے کا سبب بن سکتی ہے۔ انہوں کہا کہ وزراء ملکی حالات کی نزاکت اور اپنے منصب کا خیال رکھیں، اس وقت ملک کسی قسم کی تفریق و تقسیم اور الزام تراشی کا متحمل نہیں ہو سکتا، فواد چودھری کے بیانات حکومت کی طرف منسوب کیے جاتے ہیں اور ہم سب کیلئے شرمندگی کا باعث بنتے ہیں۔ وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر نے کہا کہ علماء کرام ہمارے لیے قابل احترام ہیں جب ہم ایک طرف قومی پالیسی کے طور پر یہ کہتے ہیں کہ ہم علماء کرام کی مشاورت سے چلیں گے تو پھر ہمیں حکومتی سطح پر تمام وزراء کو آداب کے منافی بیان بازی سے روکنا ہوگا۔ حافظ عمار یاسر نے مزید کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام نے جو مشترکہ اعلامیہ جاری کیا اسے پیش نظر رکھتے ہوئے مستقبل کے حوالے سے کوئی ایسی متوازن پالیسی تشکیل دینے کی ضرورت ہے جس کی بنیاد پر حالات پر قابو پایا جا سکے۔

حافظ عمار یاسر

مزید :

صفحہ آخر -