حکومت تاجر برادری کیلئے یکساں پالیسی بنائے گی‘ ڈاکٹر اختر ملک

    حکومت تاجر برادری کیلئے یکساں پالیسی بنائے گی‘ ڈاکٹر اختر ملک

  

ملتان (نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا ہے کہ پوری دنیا کورونا وائرس کی لپیٹ میں ہے۔ ہمارے ملک میں اس وباء سے نمٹنے کیلیے مزید محتاط ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی میں صنعت کاروں اور تاجروں کی اہمیت سے(بقیہ نمبر59صفحہ6پر)

انکار نہیں کیا جاسکتا، کورونا کے کنٹرول اور کاروبار کی اجازت دینیکے حوالے سے توازن پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔حکومت تاجر برادری کے لیے پورے ملک میں یکساں پالیسی بنائے گی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پارلیمنٹیرینز، انتظامیہ اور تاجر رہنماوں کے مابین لاک ڈاون کے حوالے سے مشاورت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس بارے میں وزیرتوانائی پنجاب ڈاکٹراختر ملک،کمشنر شان الحق اور چیف وہپ عامر ڈوگر کی زیر صدارت لاک ڈاون بارے جائزہ اجلاس بھی منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر عامرخٹک،معاون خصوصی جاویداخترانصاری،ممبران اسمبلی سلیم لابر، سبین گل،واصف راں اور قاسم لنگاہ،پی ٹی آئی کے ضلعی صدر خالدجاوید وڑائچ اور اکرم کنہوں تاجر تنظیموں کے مرکزی رہنماخواجہ شفیق،خواجہ سلیمان صدیقی،ظفراقبال، عزیزالرحمان انصاری،احتشام الحق،مرزااعجاز،ندیم قریشی، خواجہ فاروق اور خالد محمود قریشی بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ کوروناوائرس کے حوالے سیپاکستان میں صور تحال سب کے سامنے ہے،گزشتہ روز پاکستان میں ایک دن میں کورونا وائرس کے 6 سو مریض سامنے آئے ہیں،وزیرتوانائی نے کہا کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کورونا وائرس کا مقابلہ نہیں کر پارہے، پاکستان میں صحت کا نظام اتنا موثر نہیں ہے،ہمارے ملک میں اس وباء سے نمٹنے کے لئے مزید محتاط ہونے کی ضرورت ہے،ڈاکٹراختر ملک نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی میں صنعتکاروں اور تاجروں کی اہمیت سے انکار نہیں جا سکتا،عوام کو روزگار فراہم کرنے میں تاجر برادری کا لیڈنگ رول ہے، تاجر برادری کی تجاویز کو صوبائی اور وفاقی حکومت کو ارسال کیا جائے گا اورحکومت تاجربرادری کے لئے پورے ملک میں یکساں پالیسی بنائے گی۔کمشنر ملتان ڈویژن شان الحق نے کہا کہ تاجر برادری کے کاروبار سے بہت سے لوگوں کا روزگار جڑا ہوا ہے، اس غیر معمولی صورتحال میں ہم نے بھوک اور کورونا وائرس دونوں سے لڑنا ہے،ان حالات میں ہم نے توازن کے ساتھ صورتحال سے نمٹنا ہے۔انتظامیہ تاجربرادری اور صنعتکاروں کے مسائل سے آگاہ ہے، شان الحق نے کہا کہ ملتان پنجاب کا پہلا ڈویژن ہے جہاں بعض کاروباری اورصنعتی اداروں کو لاک ڈاون کی پابندی سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ تاجر برادری سے میراذاتی رشتہ ہے،اس مشکل گھڑی میں حکومت کو تاجر برادری کے تعاون کی اشد ضرورت ہے،ملک میں کاروبار کی بندش سے پیدا ہونے والی بے روزگاری سے حکومت باخبر ہے،حکومت نے اسی لئے احساس پروگرام اور انصاف امداد پروگرام کا آغاز کیا ہے۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ میں ملتان کو غیر معمولی حالات کا سامنا ہے،انتظامیہ زائرین اور تبلیغی جماعت کی میزبانی میں اور احساس کفالت پروگرام اور گندم خریداری میں بھی مصروف ہے،اس ایمرجنسی کی صورتحال میں تاجر برادری نے انتظامیہ کو سپورٹ کیا،عامر خٹک نے کہا کہ لاک ڈاون کی مشکل گھڑی میں انتظامیہ کا ساتھ دینے پر میں تاجری برادری کا مشکور ہوں،میرے آفس کے دروازے تاجر برادری کے لئے کھلے ہیں،تاجر برادری کے مقامی سطح پر تمام مسائل حل کئے جائیں گے، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تاجربرادری کے ساتھ پولیس کے رویے بارے آر پی او کو آگاہ کر دیا ہے۔اس موقع پرتاجر برادری نے کورونا وائرس کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے حکومت کا ساتھ دینے کا اعلان بھی کیا۔خواجہ سلیمان صدیقی نے کہا کہ تاجر برادری حکومت کے ساتھ کھڑی ہے،تاجر برادری وزیراعظم کے اعلان کی۔پاسداری کرے گی،تاجر برادری اپنے ملازمین کو تنخواہیں ادا کررہی ہے،تاجر برادری کو بھی انتہائی مشکل حالات کا سامنا ہے،حکومت تاجربرادری کو کاروبار کے لئے اوقات مقرر کرے،حکومت صنعتکاروں کی طرح تاجری برادری کو بھی قرضے دینے اعلان کرے،خواجہ شفیق احمد نے کہا کہ اس مصیبت کا سامنا کرنے کیلئے تاجربرادری حکومت کے ساتھ ہے،حب الوطنی میں ہم کسی سے کم نہیں ہیں،تاجر برادری کے کوئی سیاسی عزائم نہیں ہیں،لاک ڈاون کی موجودہ صورتحال سے تاجر برادری کا کاروبار بری طرح متاثر ہوا ہے،حکومت تاجر برادری کے کاروبار کا بچانے کے لیے حکمت عملی تیار کرے، خالد قریشی نے کہا کہ تاجر برادری اس صورتحال میں انتظامیہ کے ساتھ کھڑی ہے۔اجلاس میں تاجر برادری کی طرف سے ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی کارکردگی کی تعریف کی گئی اورتاجر برادری کی طرف سے ڈیسک بجا کر ڈپٹی کمشنر کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔

اختر ملک

مزید :

ملتان صفحہ آخر -