کمشنر ڈیرہ کا ترک ہسپتال کا دورہ‘ ڈاکٹرز‘سٹاف کو پھول پیش

  کمشنر ڈیرہ کا ترک ہسپتال کا دورہ‘ ڈاکٹرز‘سٹاف کو پھول پیش

  

مظفرگڑھ(بیورو رپورٹ تحصیل رپورٹر ) کمشنر ڈیرہ غازی خان ساجد ظفر ڈال نے صوبائی مشیر زراعت سردار عبدالحئی خان دستی اور ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ انجینئر امجد شعیب خان ترین کے ہمراہ رجب طیب اردوان ہسپتال مظفرگڑھ کو دورہ کیا اور کورونا کے مریضوں کا علاج (بقیہ نمبر11صفحہ6پر)

کرنے والے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے گلدستے پیش کئے۔ اس موقع پر کمشنر ساجد ظفر ڈال نے کہا کہ کورونا کی وبا کے خلاف جاری جنگ میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کا جذبہ قابل قدر اور بے مثال ہے، جو اس جنگ میں ہراول دستے کے طور پر کام کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کورونا کے مریضوں کے علاج میں مصرف عمل تمام ڈاکٹروں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کررہی ہے، اللہ تعالیٰ ہم سب کو کورونا سے نمٹنے کی ہمت اور حوصلہ دے، انہوں نے کہا کہ کورونا کے علاج کیلئے جنوبی پنجاب میں طیب اردوان ہسپتال کی بڑی اہمیت ہے، جہاں مریضوں اوران کاعلاج کرنے والے ڈاکٹروں کو تمام سہولیات دستیاب ہیں، یہاں کام کرنے والے تمام ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی خدمات قابل قدر ہیں، ہمارایہاں آنے کا مقصد ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ قبل ازیں ایم ایس رجب طیب اردوان ہسپتال ڈاکٹر عرفان کے بتایا کہ ہسپتال میں اس وقت 132مریض داخل ہیں جن میں 117مریضوں کے کورونا کے ٹیسٹ مثبت ہیں،15مریضوں کے نتائج کا انتظار ہے جبکہ اب تک ہسپتال سے 141مریض شفایاب ہو کر اپنے گھروں کو جا چکے ہیں۔کمشنر ڈی جی خان ساجد ظفر نے کہا ہے کہ ڈویڑن بھر میں گندم کی خریداری کا عمل شروع ہو چکا ہے، تمام خریداری مراکز پر گندم پہنچنا شروع ہوگئی ہے، گندم کی خریداری کے عمل کو نہایت شفاف اور آسان بنایا گیا ہے، یہ بات انہوں نے صوبائی مشیر زراعت سردار عبدالحئی خان دستی اور ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین کے ہمراہ مظفرگڑھ میں گندم خریداری مرکز کا معائنہ کرتے ہوئے کہی، کمشنر نے خریداری مرکز کے افسران اور سٹاف کو ہدایت کی کہ مرکز پر آنے والے تمام کسانوں کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں،گندم لے کر آنے والی ٹرالیوں کو فوری طور پر ان لوڈ کیا جائے، کسی قسم کی کٹوتی نہ کیا جائے اور نہ ہی زیادہ وزن لیا جائے، انہوں نے کہا کہ چھوٹے کسانوں کو ترجیح بنیادوں پر باردانہ فراہم کیا جائے، باردانہ کی تقسیم میں کسی قسم کی بد عنوانی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے بتایا کہ ضلع مظفرگڑھ کا گندم خرید اری کا ابتدائی ہدف 20لاکھ29ہزار991میڑک ٹن گندم مقرر کیا گیا ہے ضرورت کے مطابق اس کو بڑھایا بھی جاسکتا ہے، کسانوں کو باردانہ کی تقسیم پالیسی کے مطابق شفاف طریقہ سے فراہم کیا جارہا ہے، اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر فرخ شہزاد بھی موجود تھے۔

پیش

مزید :

ملتان صفحہ آخر -