فرنیچر کونسل کی جانب سے وزیر اعظم کرونا ریلیف فنڈ میں 10 لاکھ روپے عطیہ

فرنیچر کونسل کی جانب سے وزیر اعظم کرونا ریلیف فنڈ میں 10 لاکھ روپے عطیہ

  

اسلام آباد(یواین پی)پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے وزیر اعظم عمران خان کے خصوصی کورونا ریلیف فنڈ میں 10 لاکھ روپے کا عطیہ دیا ہے اور اس وباء کے خاتمے کے لئے حکومتی کوششوں میں اپنے زیادہ سے زیادہ تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ فرنیچر ساز اور برآمد کنندگان شروع دن سے ہی اس مہلک بیماری کا مقابلہ کرنے کیلئے حکومتی کوششوں کی حمایت کر رہے ہیں۔ہم نے وزیر اعظم عمران خان کے کورونا ریلیف فنڈ میں اپنا حصہ ڈالا ہے اور مشکل اور تکلیف کی اس گھڑی میں حکومت کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے مخیر اور متمول افراد پر زور دیا کہ وہ موجودہ حالات میں مستحقین کی زیادہ سے زیادہ مدد کریں۔میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز اپناتے ہوئے تجارتی سرگرمیاں دوبارہ شروع کی جائی۔

اور ملک بھر میں فرنیچر کی دکانیں بھی دوبارہ کھولنے کی اجازت دی جائے۔لوگ کورونا وائرس سے صحت یاب ہو جائیں گے لیکن جس طرح سے لوگوں کی معاشی حالت خراب ہورہی ہے اس بات کا خدشہ ہے کہ بہت کم عرصے میں لوگ بھوک اور فاقہ کشی کی وجہ سے موت کا شکار ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرائے کی دکانیں اور مالی رکاوٹیں کاروباری برادری کیلئے سب سے بڑی پریشانی کا سبب بن رہی ہیں اور ان کے پاس صرف ایک ہی راستہ بچا ہے کہ وہ اپنی دکانوں پر محدود سرگرمیاں دوبارہ شروع کردیں۔میاں کاشف اشفاق نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے اعلان کردہ 1.2 ٹریلین روپے کے بیل آؤٹ پیکیج سے بڑے اور برآمدی شعبے کو سہولت فراہم ہو سکتی ہے لیکن چھوٹے پرچون فروش اور دکاندار، خاص طور پر فرنیچر کی صنعت سے وابستہ افراد کو اس سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا کیونکہ انہیں اس میں سے ایک پیسہ بھی نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال جو گذشتہ 50 سالوں میں اپنی نوعیت کا بدترین بحران ہے اس نے کاروباری اور مزدور طبقات کو بے بس اور بے یارو مدد گارکردیا ہے۔میاں کاشف نے موجودہ صورتحال میں وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی دونوں حکومتیں عوام کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھا رہی ہیں۔ انہوں نے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل، کورونا وائرس کی روک تھام سے متعلق فیصلوں پر عملدرآمد اور حکومت کے ساتھ تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حکومت، عوام اور میڈیا مل کر ہی کورونا کے خلاف جنگ مو ثر انداز میں لڑ سکتے ہیں۔

مزید :

کامرس -