منافع خور عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں،ذکر اللہ مجاہد

منافع خور عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں،ذکر اللہ مجاہد

  

لاہور(سٹی رپورٹر) سرپرست اعلیٰ الخدمت فاؤنڈیشن و امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے کہاہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں ہونے والے لاک ڈاؤن کے ستائے عوام منافع خوروں کا نشانہ بن رہے ہیں۔ دوکاندار لاک ڈاؤن کا بہانہ بنا کر عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں جبکہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں اور ضلعی انتظامیہ کے لوگ کورونا کے پیش نظر اپنے دفاتر تک محدود ہیں۔ اگر حالات ایسے ہی ر ہے اور اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا رہا تو عوام کورونا سے نہیں بلکہ بھوک و افلاس سے مرنا شروع ہوجائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں شہر میں قائم 30 کورونا ریلیف سنٹرز کے جائزہ اجلاس میں ضلعی عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ لاک ڈاؤن سے متاثر دیہاڑی دار اور سفید پوش بڑی تعداد میں حکومتی ریلیف پیکیج سے محروم طبقہ مدد کا منتظر ہے۔عدالت عظمیٰ کی جانب سے کورونا اور حکومتی امدادی پیکیج پر از خود نوٹس حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔چیف جسٹس نے حکومت کو آئینہ دکھایا ہے کہ معاونین کی فوج ظفر موج ہے مگر ان کی کارکردگی کہیں نظر نہیں آتی۔ لاک ڈاؤن کے باعث عوام نفسیاتی مریض بن رہے ہیں، غربت میں بے پناہ اضافہ ہوچکا ہے۔ جبکہ وزیر اعظم اور ان کی فوج ظفر موج اپنے روائتی بیانات تک محدود نظر آرہی ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -