قوال امجد صابری کے ہمنوا محمد سلیم صابری مالی مشکلات کا شکار

  قوال امجد صابری کے ہمنوا محمد سلیم صابری مالی مشکلات کا شکار
   قوال امجد صابری کے ہمنوا محمد سلیم صابری مالی مشکلات کا شکار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(فلم رپورٹر)قوال امجد صابری پر قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والے ان کے ہمنوا محمد سلیم صابری ان دنوں معاشی بدحالی اور مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ معاشی بدحالی کا شکار سلیم صابری نے کراچی پریس کلب کے مرکزی دروازے کے سامنے سڑک پر قوالی گاکر احتجاج ریکارڈ کرایا۔ اس موقع پر محمد سلیم صابری نے امجد صابری کے ساتھ دنیا بھر کے غیرملکی دوروں کے دوران ملنے والے ایوارڈز اور اعلیٰ شخصیات کے ساتھ تصاویر کی نمائش بھی لگا رکھی ہے جبکہ قوال سلیم قادری کی اہلیہ، بچے اور بچیاں بھی "سنگنگ پروٹیسٹ”میں ساتھ موجود ہیں۔
امجد صابری پر حملے کے وقت زخمی ہونے والے ان کے ہمنوا سلیم صابری اس وقت کی سندھ سرکار کی اعلان کردہ امداد رقم سے تاحال محروم ہیں۔سلیم صابری کے مطابق اس وقت کے وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے واردات کے بعد مقتول امجد صابری کے لواحقین کے لئے ایک کروڑ روپے جبکہ زخمی کے لئے 15 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا تھا۔سلیم صابری نے بتایا کہ صوبائی حکومت سے امدادی رقم کے حصول کے لئے ہر طرح کی کوششوں کے باوجود وہ ناکام رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ انہیں اثاثہ کہنے سے کسی کو کیا حاصل ہے؟ مالک مکان کو ہر حال میں گھر کا کرایہ چاہیے ہوتا ہے اور آنے جانے کے لیے ٹیکسی والا بھاڑا مانگتا ہے، امدادی رقم سے زیادہ دلچسپی بچوں کی تعلیم اور گھر کی مستقل کفالت کے لیے نوکری کے حصول میں ہے۔سلیم صابری قوال نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ نوکری نہیں دے سکتے تو اعلان کردہ امدادی رقم ہی دے دیں تاکہ پرچون کی دکان کھول سکیں یا موسیقی کے آلات خرید کر قوالوں کا گروپ بنا کر حمد و ثنا کے سلسلے کو آگے بڑھا سکیں۔

مزید :

کلچر -