اسداللہ بھٹو کی جاوید بھٹی کے گھر آمد، لواحقین سے تعزیت
کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیروسابق رکن قومی اسمبلی اسداللہ بھٹو نے سرجانی ٹاؤن کے علاقے تیسرٹاؤن میں جماعت اسلامی کے کارکن محمد جاوید بھٹی کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملزمان چاہے کتنے ہی بااثر کیوں نہ ہوں انہیں گرفتار کرکے کیفر کردارتک پہنچانا قانون وانصاف کا تقاضہ ہے،آئی جی سندھ، ڈی جی رینجرز اوروزیراعلیٰ سندھ واقعہ کا نوٹس لیکر ملزمان کی گرفتاری عمل میں لانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تیسر ٹاؤن میں شہید کارکن محمد جاوید کے گھر پہنچ کر ان کے بڑے بھائی محمد سلیم بھٹی ودیگر لواحقین سے اظہار تعزیت کے بعد بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 24گھنٹے گذرجانے کے باوجود ملزمان کا گرفتار نہ ہونا تشویش ناک اور قانون وانصاف کے تقاضوں کے برعکس ہے، جماعت اسلامی ایک پرامن جماعت ہے،حکومت کراچی کے امن کو سبوتاژ کرنے والی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے کٹھڑے میں لائے، اسداللہ بھٹو نے مرحوم کی مغفرت،درجات کی بلندی اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔