جماعت اسلامی غربی کے وفد کی ڈی آئی جی ویسٹ سے ملاقات

  جماعت اسلامی غربی کے وفد کی ڈی آئی جی ویسٹ سے ملاقات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی ضلع غربی محمد اسحاق خان کی سربراہی میں جماعت اسلامی کے وفدنے ڈی آئی جی ویسٹ عاصم قائم خانی سے ملاقات کی۔ملاقات میں واقعہ سرجانی،مساجد کی بندش اور امن و امان کی مجموعی صورت حال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔امیر جماعت اسلامی ضلع غربی نے اپنیاس موقع پرکہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت کے رضاکار بلا تفریق رنگ و نسل عوام کی خدمت کررہے ہیں۔کورونا اور لاک ڈاؤن کی صورت حال میں غریب طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔روزانہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کے گھروں پر فاقوں کی نوبت آگئی ہے۔ عوام کو بھوک اور افلاس سے بچانے کے لئے جماعت اسلامی کے رضاکار گھر گھر راشن پہنچارہے ہیں۔پولیس جماعت اسلامی کے رضاکاروں کو سیکورٹی فراہم کرے، محمد اسحاق خان نے کہا کہ جماعت اسلامی سندھ حکومت اور پولیس کی جانب سے مساجد کے لئے بنائی گئی پالیسوں کا مکمل احترام کرتی ہے۔کورونا وائرس کی وبا سے بچاؤکے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد ناگزیر ہے لیکن ایک خاص انداز میں ائمہ کرام اور مساجد کو نشانہ بنانا مناسب نہیں ہے۔ائمہ کرام کی جانب سے حکومتی ہدایات پر عمل کیا جارہا ہے۔محکمہ پولیس افہام و تفہیم کو فضا کو برقرار رکھے۔محمد اسحاق خان نے کہا کہ پولیس، مذہبی جماعتوں اور علما کے ساتھ مل کرمقامی سطح پرایک لائحہ عمل طے کرے تاکہ آئندہ جمعہ کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جاسکے۔درین اثنا وفد میں شامل صدر پبلک ایڈ کمیٹی جماعت اسلامی ضلع غربی فضل احد، ڈپٹی جنرل سیکرٹری گل رحیم اور صدر جماعت اسلامی یوتھ انعام الرحمان نے ڈی آئی جی ویسٹ کو ضلع میں لاک ڈاؤن کے دوران اسٹریٹ کرائم اور منشیات فروشی کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر ڈی آئی جی وسیٹ نے عوامی خدمت کے حوالے سے جماعت اسلامی کی خدمات کو سراہا اور امن و امان کے حوالے سے وفد کے مطالبات پر عمل درآمد کی یقین دہانی کروائی۔