فلٹرکلینکس اور آئیسو لیشن وارڈز کے مثبت نتائج آرہے ہیں: میئر کراچی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اخترنے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اسپتالوں میں کورونا وائرس کے پیش نظر جو فلٹر کلینکس اور آئیسولیشن وارڈ ز قائم کئے گئے تھے ان مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف سینیٹری ورکرز کو حفاظتی لباس، سرجیکل ماسک اور کٹس کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے تاکہ طبی عملے کی صحت اور زندگی کو درپیش خطرات کو کم سے کم کیا جاسکے، یہ بات انہوں نے بدھ کے روز عباسی شہید اسپتال اور سوبھراج میٹرنٹی اسپتال کو علیحدہ علیحدہ 100 حفاظتی لباس اور 400 سرجیکل ماسک دینے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی، میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے وسائل اور این جی اوز کے تعاون سے کے ایم سی کے مختلف اسپتالوں میں 1500 حفاظتی لباس مہیا کردیئے گئے ہیں جبکہ عباسی شہید اسپتال میں فی الوقت 200 پرسنل پروٹیکٹو کٹس اضافی طور پر موجود ہیں، عباسی شہید اسپتال اور دیگر اسپتالوں کی فرائض کی انجام دہی میں مصروف طبی عملے کو بقدر ضرورت روزانہ کی بنیاد پر یہ حفاظتی اشیاء فراہم کی جارہی ہیں، انہوں نے کہا کہ اسپتالوں میں جراثیم کش اسپرے اور کیمیکلز کے ذریعے صفائی بھی کی جارہی ہے، میئر کراچی نے کہا کہ اسپتالوں میں فلٹر کلینکس بنانے کا تجربہ انتہائی کامیاب رہا اور کے ایم سی کے اسپتالوں میں آنے والے مریضوں کی ابتدائی تشخیص فلٹر کلینکس میں کی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ یہ ضروری نہیں کہ بخار، نزلہ، کھانسی یا جسم میں درد کورونا وائرس کی ہی علا مات ہوں یہ موسمی اثرات بھی ہوسکتے ہیں اس لئے فلٹر کلینکس میں ایسے مریضوں کو جو ان بیماریوں کے سبب اسپتال آتے ہیں چیک کرلیا جاتا ہے، میئرکراچی نے کہا کہ عباسی شہید اسپتال، کارڈیک ایمرجنسی سینٹر لانڈھی، کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز، گذدر آباد جنرل اسپتال نشتر روڈ، سرفراز رفیقی شہید اسپتال حقانی چوک اور لانڈھی میڈیکل کمپلیکس میں فلٹر کلینکس اور آئیسو لیشن وارڈز قائم کئے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ ہماری مسلسل کوشش رہی ہے کہ ان سینٹرز میں کام کرنے والے ڈاکٹرز اور دیگر تمام طبی عملے کو ضروری حفاظتی لباس اور طبی سامان کی فراہمی کویقینی بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ ااہلیان کراچی اپنے حوصلے بلندرکھیں،صبر، برداشت اور ہمت سے موجودہ مشکلات کا مقابلہ کریں حالات جلد معمول پر آجائیں گے، انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے باعث جو مشکلات درپیش ہیں اس سے سب آگاہ ہیں اور منتخب بلدیاتی نمائندے اپنے وسائل اور اختیارات کے تحت بھر پور رطریقے سے شہریوں کے مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ شہر میں جراثیم کش اسپرے مہم جاری رہے گی تاکہ صحت مند ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔