ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید کاتبلیغی مرکز رائے ونڈ کا دورہ
لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید نے تبلیغی مرکز رائے ونڈاور حویلی اجتماعی مرکز کا دورہ کیا اور کورونا وائرس خدشات کے تناظر میں لاک ڈاؤن کے دوران دفعہ144 کا نفاذ یقینی بنانے کے لئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ایس پی صدر سید غضنفر علی شاہ،ایس ڈی پی او رائے ونڈ، ایس ایچ اوز اور دیگر متعلقہ پولیس افسران موقع پر موجود تھے۔ایس پی صدر سید غضنفر علی شاہ نے ڈی آئی جی آپریشنز کو لاک ڈاؤن میں کئے گئے سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی۔ڈی آئی جی آپریشنز نے تعینات پولیس افسران اور جوانوں کو مزید الرٹ ہو کرڈیوٹی کرنے کی ہدایت کی۔ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید نے ہدایت کی کہ لاہور پولیس کی طرف سے کئے گئے حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں، کسی بھی شخص کو دفعہ144 کی خلاف ورزی نہ کرنے دیں۔ حفاظتی انتظامات شہریوں کی اپنی زندگی کی حفاظت کے لئے ہیں۔رائے بابر سعید نے تعینات پولیس افسران اور اہلکاروں سے کہا کہ لاک ڈاون کے دوران شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔