موجودہ بحران میں منتخب نمائندوں کو بھر پور کردار ادا کرنا ہوگا،صادق سنجرانی

موجودہ بحران میں منتخب نمائندوں کو بھر پور کردار ادا کرنا ہوگا،صادق سنجرانی

  

اسلام آباد(آئی این پی)چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سینیٹ اجلاس بلانے کیلئے قائمہ کمیٹی برائے قواعد وضوابط کو موجودہ قوانین کا تفصیلی جائزہ لینے اورسفارشات تیار کرنے کی ہدایت کردی۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ موجودہ بحران میں پارلیمان اور عوام کے منتخب نمائندوں کو بھر پور کردار ادا کرنا ہوگا،اہم قانون سازی زیر التوا ہے،سینیٹ کا اجلاس بلانے کیلئے موجودہ قوانین کا جائزہ لینا ہوگا،موجودہ صورتحال میں ممکنہ معاشی بحران پر قابو پانے کیلئے پارلیمان کو اپنی تجاویز مرتب کرنا ہوں گی اور بجٹ سے متعلق بھی معاملات کا جائزہ لینا ہوگا۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ ہاؤس بزنس ایڈوائزی کمیٹی کا اجلاس ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے منعقد ہوا جس میں کرونا وائرس کے باعث پیدا شدہ صورتحال اور پارلیمانی نظام کا ر میں درپیش مشکلات کا جائزہ لیا گیا۔ہاؤس بزنس ایڈوائزی کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر سید شبلی فراز، سینیٹرز مشاہد اللہ خان، ستارہ ایاز، بیرسٹر محمد علی سیف، سجاد حسین طوری، انوارالحق کاکڑ، اورنگزیب خان اورکزئی، جمال دینی، سراج الحق،مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان اور وفاقی وزیر انسداد منشیات اعظم سواتی، سیکرٹری سینیٹ ڈاکٹر اختر نذیر نے شرکت کی جبکہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا، قائد حزب اختلاف سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق،سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری، سینیٹر عثمان خان کاکڑ ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شر یک ہوئے۔

صادق سنجرانی

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -