پاکستان میں کورونا کے کیسز6919 ، جاں بحق افراد کی تعداد 128 ہوگئی

پاکستان میں کورونا کے کیسز6919 ، جاں بحق افراد کی تعداد 128 ہوگئی
پاکستان میں کورونا کے کیسز6919 ، جاں بحق افراد کی تعداد 128 ہوگئی

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوتا جارہا ہے اور اب مریضوں کی تعداد بڑھ کر 6919 ہوگئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 414 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد کورونا کےمصدقہ کیسز کی تعداد 6919 ہوگئی ہے۔  پاکستان میں کورونا کی وجہ سے جمعرات کے روز 4 مریضوں نے زندگی کی بازی ہاری ہے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 128 ہوگئی ہے۔  پاکستان میں کورونا کے ٹیسٹوں کی رفتار بھی بتدیج بڑھائی جارہی ہے، بدھ کی نسبت جمعرات کو لگ بھگ دوگنا لوگوں کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ جمعرات کو مجموعی طور پر 5540 لوگوں کے کورونا کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جس کے بعد ٹیسٹوں کی مجموعی تعداد 78 ہزار 979 ہوگئی ہے۔

صوبوں کی صورتحال

پاکستان میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ پنجاب ہوا ہے جہاں کورونا کے 3291 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ سندھ میں اب تک کورونا کے 2008، خیبر پختونخوا میں 912 ، بلوچستان میں 280، گلگت بلتستان میں 237، اسلام آباد میں 145 اور آزاد جموں و کشمیر میں کورونا کے 46 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

عالمی صورتحال

دنیا بھر میں کورونا وائرس کے 21 لاکھ 17 ہزار 307 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔ یہ وبا اب تک ایک لاکھ 41 ہزار 858 لوگوں کی جانیں لے چکی ہے۔ دنیا بھر میں کورونا سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 5 لاکھ 35 ہزار 218 ہوگئی ہے۔

سب سے زیادہ متاثرہ ممالک

دنیا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ امریکہ متاثر ہوا ہے جہاں مصدقہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 52 ہزار 292 اور ہلاکتوں کی تعداد 33 ہزار 332 ہوگئی ہے۔ سپین میں کورونا کے ایک لاکھ 82 ہزار 816 کیسز اور 19 ہزار 130 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔ اٹلی میں ایک لاکھ 65 ہزار 155 کیسز اور 21 ہزار 645 ہلاکتیں رپورٹ ہوچکی ہیں۔فرانس میں کورونا کی وجہ سے 17 ہزار 167، برطانیہ میں 13 ہزار 729، بیلجیئم میں 4857، چین میں 3342 اور نیدر لینڈز میں 3315 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔

شرح سود میں کمی

سٹیٹ بینک نے کورونا وائرس سے معیشت کے صورتحال کے پیش نظر شرح سود میں 2 فیصد کمی کردی۔ اس کمی کے ساتھ شرح سود 9 فیصد ہوگئی ہے۔ماہر معاشیات کی جانب سے حکومت کی جانب سے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا جارہا ہے۔

آئی ایم ایف قرض ریلیف

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے مطابق آئی ایم ایف نے کورونا سے پیدا صورت حال کے باعث قرضوں میں  ایک سال کے لیے ریلیف دیا ہے، رعایت کا اطلاق پاکستان سمیت 70 ممالک پر ہو گا۔ آئی ایم ایف سے بہت بڑا ریلیف پاکستان کوملنے کی امید ہے، پاکستان کوقرضوں پر رعایت کا اطلاق یکم مئی سے ہوگا۔

جی 20 ممالک نے بھی ریلیف دے دیا

جی ٹوئنٹی ممالک کے اجلاس میں کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا کے غریب ممالک کو قرضوں کی ادائیگی میں مہلت دے دی گئی ہے ان میں پاکستان بھی شامل ہے۔ مجموعی طور پر 76 ممالک کو قرضوں کی ادائیگی میں ریلیف دیا گیا ہے۔

وزیر اعظم کورونا ریلیف فنڈ

وزیراعظم کورونا ریلیف فنڈ میں 15دن کے اندر 1 ارب 49 کروڑ روپے جمع ہوگئے ہیں۔

تراویح اور اعتکاف کا معاملہ

وزیر داخلہ اعجاز شاہ کا کہنا ہے ہک بیرون ممالک سے جو پاکستانی اور تبلیغی جماعت کے اراکین پاکستان واپس آنا چاہتے ہیں ،اُن کے لئے بندوبست کیا جا رہا ہے،حکومت نے نہ کوئی مسجد بند کی اور نہ ہی کر رہی ہے ،رمضان المبارک میں تراویح ، اعتکاف اور نمازوں کے بارے میں علماء کی مشاورت سے فیصلہ کریں گے۔

پنجاب میں رمضان بازار نہ لگانے کا فیصلہ

حکومت پنجاب نے کورونا وبا کے پیش نظر صوبے بھر میں رمضان بازار نہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں مستحق خاندانوں کو مالی امداد دینے کی منظوری بھی دے دی گئی۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -