امیر عالمی تبلیغی جماعت مولانا نذر الرحمان نے تبلیغی اراکین کے نام اہم پیغام جا ری کر دیا

امیر عالمی تبلیغی جماعت مولانا نذر الرحمان نے تبلیغی اراکین کے نام اہم ...
 امیر عالمی تبلیغی جماعت مولانا نذر الرحمان نے تبلیغی اراکین کے نام اہم پیغام جا ری کر دیا

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد و المدارس پاکستان کے صدر  علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی نے تبلیغی مرکز رائے ونڈ کا دورہ کیا جہاں پر اُنہوں نے تبلیغی جماعت کےا میر مولانا نذر الرحمن اور شوریٰ کے اراکین سے ملاقات کی۔

تفصیلات کے مطابق علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی نے عالمی تبلیغی مرکز میں مولانا نذر الرحمان اور اراکین سے شوریٰ سےملاقات کی اور ملک میں کورونا وائرس اور تبلیغی جماعت  کے حوالے سے پھیلے ہوئے بے بنیاد پراپیگنڈا بارے  تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔اس موقع پر تبلیغی جماعت کے امیر مولانا نذر الرحمن نے اپنے پیغام میں کہا کہ مسلمانوں کو رسول اکرم ﷺ کی سیرت طیبہ اپناتے ہوئے اصحابؓ رسولﷺ و اہل بیتؓ ؓ کی طرح زندگی گزارنے کی جدوجہد کرنی ہے ، مسلمانوں کو اپنی اصلاح کے ساتھ انسانیت کوکلمہ توحید کی دعوت دینی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تبلیغی جماعت کے ساتھی حکومتی احکامات کی مکمل پابندی کریں اور پوری امت اللہ کریم کی طرف رجوع کر کے توبہ و استغفار اور درود شریف کی کثرت کریں ۔ اللہ کی رضا سے ہی یہ وباء ختم ہو گی ، اسلام انسانیت کا دین ہے اور ہمیں محمد عربی ﷺ کی دعوت پوری انسانیت تک پہنچانی ہے۔ پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے تبلیغی جماعت کے امیر اور شوریٰ کو مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ہر سطح پر تبلیغی جماعت کے اراکین کے ساتھ تعاون کیا جا رہا ہے اور ان شاء اللہ تمام جماعتیں واپس اپنے گھروں میں پہنچ جائیں گی۔

واضح رہے کہ علامہ طاہر محمود اشرفی نے ایسے وقت میں تبلیغی مرکز رائے ونڈ کا دورہ کیا ہے جب پورے ملک میں ایک مخصوص طبقہ کورونا وائرس کے حوالے سے عالم گیر اسلامی تحریک کے خلاف شر انگیز پراپیگنڈا کرنے میں مصروف ہے جبکہ حکومت کی جانب سے تبلیغی جماعت کے مرکز کو قرنطینہ سینٹر قرار دیا ہوا ہے۔ذمہ دار ذرائع کے مطابق بعض حکومتی اور انتظامی افسران  اس بات پر بضد تھے کہ علامہ طاہر اشرفی رائے ونڈ مرکز میں اراکین شوریٰ سے ملاقات کرنے کی بجائے اِنہیں کسی ""محفوظ مقام ""پر بلا کر مل لیں تاہم علامہ طاہر اشرفی نے تبلیغی جماعت کے بزرگوں کے پاس خود چل کر جانے کو ترجیح دی اور مولانا نذر الرحمان  سمیت اراکین شوریٰ سے تفصیلی ملاقات کی ۔علامہ طاہر اشرفی کی جانب سے تبلیغی جماعت کے حوالے سے بروقت اٹھائے جانے والے اقدامات اور کاوشوں کو دینی حلقوں میں بھرپور پذیرائی مل رہی ہے ۔ 

مزید :

قومی -کورونا وائرس -