”ہمارے ملک میں آئی پی ایل کروا لو۔۔۔“ کس ملک نے بھارت کو پیشکش کر دی؟ جان کر کوئی بھی یقین نہ کر پائے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) کورونا کی عالمی وباءکے پیش نظر بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے تیرہویں سیزن کو باضابطہ طور پر ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا ہے تاہم اس کیساتھ ہی سری لنکن کرکٹ بورڈ (ایس ایل سی) نے اپنے ملک میں ٹورنامنٹ کرانے کی پیشکش کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئی پی ایل کے تیرہویں ایڈیشن کا انعقاد 29 مارچ سے ہونا تھا لیکن 13 مارچ کو کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر اسے 15 اپریل تک ملتوی کیا گیا تھا تاہم اس دوران بھارت میں کورونا کے متاثرہ افراد میں اضافہ دیکھنے میں آیا جس پر وفاقی حکومت نے بھی ملک بھر میں جاری لاک ڈاو¿ن 3 مئی تک بڑھادیا ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ نے فرنچائز مالکان اور سپانسرز کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی صحت و سلامتی اور اس کھیل سے جڑے ہر شخص کی حفاظت ہماری ترجیح ہے، آئی پی ایل 2020ءاسی وقت ہوگا جب اس کیلئے ماحول بالکل سازگار ہوگا۔اس حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطے میں ہیں اور بورڈ صورتحال کی مسلسل نگرانی کررہا ہے تاکہ ٹورنامنٹ کے انعقاد کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جاسکے۔
بھارتی بورڈ کی جانب سے باضابطہ اعلان کے بعد سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر شمی سلوا نے اپنے ملک میں ٹورنامنٹ کرانے کی پیشکش کر دی ہے۔ انہوں نے کولمبو میں غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”ایسا لگتا ہے کہ ہم بھارت سے پہلے کورونا وائرس پر قابو پا لیں گے اور اگر ایسا ہوتا ہے تو ہم آئی پی ایل کی میزبانی کر سکتے ہیں، ہم اس حوالے سے بھارتی بورڈ کو باضابطہ طور پر خط بھی لکھیں گے۔“