شاہینوں کی بہترین کارکردگی

شاہینوں کی بہترین کارکردگی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پاکستان کرکٹ ٹیم کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ کسی بھی وقت کچھ بھی کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اور شاہینوں کی حیران کر دینے کی پرانی عادت ہے۔جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی20- سیریز کا پہلا میچ جیت لینے کے بعد دوسرا میچ جس بھدے طریقے سے ہارا گیا اس سے چہ میگوئیاں ہونے لگیں کہ جان بوجھ کر شکست کھائی ہے کہ کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر کھڑا ہو کر نہ کھیل سکا اور 140رنز کا ہدف جنوبی افریقہ کے کھلاڑیوں نے آسانی سے پورا کر لیا،اِس لئے تیسرے میچ میں جو ہوا،اس کی کسی کو توقع ہی نہیں تھی۔ باؤلر جنوبی افریقہ کے بلے بازوں کو روکنے میں ناکام رہے اور انہوں نے203 رنز کا مجموعی سکور کر کے204 رنز کا بڑا ہدف دیا، جو پورا ہونا ناممکن نظر آتا تھا، لیکن حیرت انگیز طور پر کپتان بابرا عظم اور وکٹ کیپر محمد رضوان کی پہلی جوڑی ہی جم گئی اور ان دونوں نے بہت ہی شاندار کھیل پیش کیا، حتیٰ کہ ان کی رفاقت197 رنز کی ہوئی اور بابر اعظم نے نہ صرف ٹی20- کی پہلی سنچری بنائی، بلکہ 122رنز کی ریکارڈ اننگز بھی کھیلی جو کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کے سکور سے زیادہ ہے۔ رضوان نے بھی اس میچ میں جس انداز سے بابر اعظم کا ساتھ دیا اور نصف سنچری بھی بنائی وہ بھی حیرت کا باعث تھا کہ اِس سے پہلے میچ میں وہ سپنر کی پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہو گئے تھے، لیکن اس میچ میں ذمہ دارانہ اننگ کھیل گئے۔ بابر اعظم ہی آؤٹ ہوئے کہ اندازے کی غلطی سے وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ ہو گئے یہ میچ جیت لینے سے ٹیم کی پوزیشن مضبوط ہو گئی، آخری میچ آج(جمعتہ المبارک) ہونا ہے اور اب شائقین یقین رکھتے ہیں کہ یہ بھی جیت لیا جائے گا۔ بابر اعظم ایک روزہ میچوں کے حوالے سے بیٹنگ ریٹنگ میں پہلی پوزیشن پر آ گئے ہیں اس پر بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا قبضہ تھا۔ یہ ایک شاندار کارنامہ اور جیت ہے، شائقین اپنے شاہینوں سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ ہمیشہ اچھے کھیل کا مظاہرہ کریں گے اور دوسرے میچ کی طرح یہ احساس پیدا نہیں ہونے دیں گے کہ میچ جان بوجھ کر ہارا گیا،فتح مبارک اور مستقبل میں نیک تمنائیں۔

  

مزید :

رائے -اداریہ -