شہزادہ فلپ کا انتقال ، شہزادہ ولیم اور ہیری میں اختلافات کی وجہ سے دونوں بھائیوں کیلئے ملکہ برطانیہ نے حکم جاری کردیا
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) شہزادہ ہیری اپنے بھائی شہزادہ ولیم اور بھابھی شہزادی کیٹ کے ساتھ اختلافات کی وجہ سے اپنی اہلیہ میگھن مارکل کو لے کر امریکہ منتقل ہو گئے تھے اور تمام شاہی اعزازات و القابات ترک کر دیئے تھے تاہم ان دنوں وہ اپنے دادا شہزادہ فلپ کے انتقال پر واپس برطانیہ میں موجود ہیں اور دونوں بھائیوں کے تعلقات میں کشیدگی کو دیکھتے ہوئے ملکہ برطانیہ نے ان کے لیے ایک حکم جاری کر دیا ہے۔
میل آن لائن کے مطابق ملکہ الزبتھ دوئم نے حکم جاری کیا ہے کہ شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری اپنے دادا کے جنازے کے پیچھے ایک دوسرے سے فاصلے پر چلیں گے۔ان کے درمیان ان کا کزن شہزادہ پیٹر فلپس موجود رہے گا۔ ملکہ برطانیہ کے حکم کے مطابق جب شہزادہ فلپ کی میت آخری رسومات ادا کرنے کی جگہ پر پہنچے گی اور شاہی خاندان کے افراد جوڑوں کی شکل میں آئیں گے تب شہزادہ ولیم اپنے بھائی شہزادہ ہیری سے آگے چلیں گے۔
واضح رہے کہ ملکہ برطانیہ نے شہزادہ فلپ کی آخری رسومات میں شاہی خاندان کے مردوں کو آرمی یونیفارمز پہننے سے بھی روک دیا ہے۔ چنانچہ اب وہ سوگ کے لیے پہنے جانے والے کوٹ پہنیں گے، جن پر ان کے میڈلز لگے ہوں گے جبکہ شاہی خاندان کی خواتین دن کے ملبوسات پہنیں گی۔کورونا وائرس کی وجہ سے عائد پابندیوں کے سبب صرف 30لوگ شہزادہ فلپ کی آخری رسومات میں شریک ہوں گے، جن میں ملکہ الزبتھ دوئم بھی شامل ہوں گی جو دوسروں کی طرح فیس ماسک پہنیں گی اور سب سے الگ ایک جگہ پر بیٹھیں گی۔واضح رہے کہ شہزادہ فلپ کی آخری رسومات برطانوی وقت کے مطابق کل سہ پہر 3بجے ہوں گی۔