زخمی پولیس جوانوں اور شہید اہلکاروں کے ورثاء کا حوصلہ بڑھانے کے لئےوزیراعلیٰ پنجاب میدان میں آگئے ، بڑا اعلان کردیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارآج پولیس کے جوانوں کی ڈھارس بندھانے اور حوصلہ دینے خود آ گئے، وزیر اعلیٰ نےپولیس لائنز قلعہ گجرسنگھ میں شہداءکےورثاء سے ملاقات کی جبکہ جناح ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی اور شہید پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کے لئے شہداء پیکج کا اعلان کرتے ہوئے آئی جی پولیس کو ہدایات جاری کردیں۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا،دلاسہ دیا اور ڈھارس بندھائی -وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہید کانسٹیبل محمد افضل او رمحمد عمران کے لئے فاتحہ خوانی کی اور کہا کہ شہید کانسٹیبل محمد افضل او ر شہید کانسٹیبل محمد عمران کے اہل خانہ کو شہید پیکیج دیاجائے گا،وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے شہداء کے بچوں کو نوکریاں اور تعلیم دلانے کا اعلان کرتے ہوئے آئی جی انعام غنی کو شہید محمد افضل کی ایم ایس سی کیمسٹری پاس بیٹی حفصہ افضل کو فوری طورپر نوکری دینے کے لئے کارروائی جلد مکمل کرنے کا حکم دیا،شہید محمد عمران کی والدہ رونے لگی تو وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے دلاسہ دیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہید محمدعمران کی والدہ نذیراں بی بی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پولیس کا ہر جوان آپ کا بیٹا ہے، دکھ کی گھڑی میں حکومت پنجاب آپ کے ساتھ ہے اورساتھ نبھائے گی- وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہداء کے ننھے بچوں کو دلاسہ دیا اور پیار کیا-وزیراعلیٰ عثمان بزدار بعدازاں جناح ہسپتال گئے اورزخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی اور پھول پیش کئے -وزیراعلیٰ نے مظاہرین کے تشدد سے مفلوج کانسٹیبل رضوان علی کے لئے بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کاحکم دیا،ریڑھ کی ہڈی متاثر ہونے سے رضوان علی تقریباً مفلوج حالت میں ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے مضروب رضوان علی کے علاج کے لئے بہترین طبی اداروں سے رابطے کرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ رضوان علی کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا دیکھنا چاہتا ہوں، علاج میں کوئی کمی نہ چھوڑی جائے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدارنےکانسٹیبل محمد امین، محمد فاروق اور حاکم علی کی عیادت کی اور انہیں پھول پیش کئے،مظاہرین کی فائرنگ سےمحمد امین کی ٹانگ اورآنکھ پرزخم آئے ۔حاکم علی نے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور وعدہ کیاکہ پھر لوٹ کر ڈیوٹی پر آؤں گا ،ہم عوام کی جان ومال کی حفاظت کے لئے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ پولیس جوانوں اور افسروں کی قربانیاں قابل تحسین ہیں ،قوم شہید کانسٹیبل اور زخمیوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے،پولیس شہداء کے لئے پیکیج کو مزید بہتر بنائیں گے، زخمیوں کے علاج معالجے کی مانیٹرنگ کی جائے گی اور علاج معا لجہ کی سہولتوں میں کوئی کمی نہیں آنے دیں گے، پولیس کی قربانیوں کی وجہ سے آج پنجاب بھر میں امن رہا اور پرسکون نماز جمعہ ادا کی گئی، پولیس افسروں اور جوانوں کا ہمت اورحوصلہ قابل تحسین ہیں۔صوبائی وزیرقانون راجہ محمد بشارت، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم مومن علی آغا، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق تجمل خان، کمشنر، ڈی سی،ایم ایس جناح ہسپتال او ردیگر حکام بھی موجود تھے۔