راولپنڈی سے تاجروں کا اغواء ریاست کیلئے سوالیہ نشان،کاشف چوہدری
لاہور(پ ر) گنجان آباد شہر راولپنڈی سے عوامی تاجر نمائندوں کا جبری اغوا ء ریاست کیلئے سوالیہ نشان ہے۔18 گھنٹے گزرنے کے باوجود دو افراد کے بارے کچھ معلومات نہ ملنا افسوسناک ہے ان خیالات کا اظہار صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کاشف چوہدری نے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا جب رات گئے ایک عوامی نمائندہ اپنے طبقہ کے حقوق کی بات کرنے کے چند گھنٹوں بعد غائب کر دیا جائے تو سوال پیدا ہوتا ہے کہ اسے کچے کے ڈاکو لے گئے یا پکے کے ڈاکو۔حقوق کی بات کرنے پر جبری اغوا ہونے پر لوگ اداروں کے کردار پر انگلیاں اٹھاتے ہیں۔ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ شفیق قریشی اور سردار مشتاق کے اغوا کا مقدمہ فی الفور درج کیا جائے اورہزاروں نان بائیوں کے ان نمائندگان کو فی الفور بازیاب کروایا جائے۔ اغوا کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔مختلف طبقات کے مسائل طاقت و جبر کے ہتھکنڈوں کی بجائے مذاکرات،بات چیت اور افہام و تفہیم سے حل کئے جائیں، حکومت بجلی، گیس،پٹرول اور آٹا کی قیمت کم کرے۔چھاپے گرفتاریوں اور جبر سے مہنگائی کم نہیں بلکہ حکومت کے خلاف نفرت پیدا ہوگی۔